انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جنگلات پر یو این فورم کے بارے میں جاننے کی پانچ باتیں

امریکی ریاست نیو یارک میں طوفانی بارش کے بعد جنگل میں سکوت کا ایک منظر۔
UN Photo/Mark Garten
امریکی ریاست نیو یارک میں طوفانی بارش کے بعد جنگل میں سکوت کا ایک منظر۔

جنگلات پر یو این فورم کے بارے میں جاننے کی پانچ باتیں

موسم اور ماحول

اقوام متحدہ میں جنگلات کے بارے میں ہونے والے فورم میں 'دنیا بھر کے جنگلات کے پائیدار انتظام' کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

سوموار کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں شروع ہونے والے اس فورم میں رکن ممالک سے لے کر سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے شراکت داروں تک تمام متعلقہ فریقین جنگلات کی صورت میں کرہ ارض کے اس اہم ترین سرمایے کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ اس بارے میں آپ کو 5 باتوں کا علم ہونا ضروری ہے:

1۔ زمین پر زندگی کے لئے جنگلات کی لازمی اہمیت

کرہ ارض پر خشکی کا 31 فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہے اور دنیا کا 80 فیصد زمینی حیاتیاتی تنوع یہیں پایا جاتا ہے۔ یہ جنگلات پوری فضا سے بھی زیادہ کاربن ذخیرہ کرتے ہیں۔

فورم کے افتتاحی اجلاس میں معاشی و سماجی امور کے لئے اقوام متحدہ کے نائب سیکرٹری جنرل لی جنہوا نے بتایا کہ ''جنگلات زمین کا ایک انتہائی اہم ماحولی نظام ہیں۔ یہ بعض ایسے لوگوں کے ذریعے ایک اہم سماجی اور حفاظتی جال بھی بناتے ہیں جن کا خوراک اور آمدنی کے لئے انحصار جنگلات پر ہے۔

انڈونیشیا کے ایک جنگل سے گزر کر سکول جاتی ہوئی دو بچیاں۔
Lety Liza
انڈونیشیا کے ایک جنگل سے گزر کر سکول جاتی ہوئی دو بچیاں۔

2۔ جنگلات، بہبود اور روزگار میں مددگار

1.6 بلین لوگوں کا اپنی بقا، روزگار، نوکری اور آمدنی کے لئے جنگلات پر انحصار ہے۔ دو بلین لوگ یا اندازاً دنیا کی ایک تہائی آبادی اور افریقہ میں دو تہائی گھرانے اب بھی کھانا بنانے اور حرارت حاصل کرنے کے لئے لکڑی کے ایندھن پر انحصار کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کی صدر لاشیزارا سٹوئیوا نے فورم کو بتایا کہ جنگلات غربت پر قابو پانے، اچھے روزگار کی فراہمی اور صنفی مساوات کے فروغ میں اہم کرار ادا کرتے ہیں۔ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کے لئے یہ تینوں چیزیں ضروری ہیں۔

ایمازوں کے جنگل میں ایک پودا۔
© CIFOR/Marlon del Aguila Guerrero
ایمازوں کے جنگل میں ایک پودا۔

3۔ صحت مند جنگلات، صحت مند لوگ

جنگلات اور درخت صاف ہوا اور پانی مہیا کرتے ہیں اور ہر جگہ ہماری زندگی کو مستحکم بناتے ہیں۔ تمام نئی متعدی بیماریوں میں سے 75 فیصد جنگلات سے جنم لیتی ہیں اور ایسا عام طور پر اس وقت ہوتا ہے جب قدرتی ماحول جیسا کہ جنگلات کو ختم کر دیا جاتا ہے۔ جنگلات کی بحالی اور نئے درخت اگانا لوگوں، انواح اور زمین کے لئے مربوط 'ون ہیلتھ' طریق کار کا لازمی حصہ ہے۔

فورم کے چیئرمین زیفرین مینیراٹانگا نے کہا کہ ''جنگلات ہمارے مسائل کا حل پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے جنگلات کاٹے جانے، زمینی انحطاط اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کے لئے ہر متعلقہ کام میں جنگلات میں رہنے والے لوگوں کو بھرپور انداز میں شامل کرنے کے لئے کہا۔

بولیویا میں جنگلات کے کم ہوتے رقبے کی ایک بڑی وجہ زمین کو بڑے پیمانے پر زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے۔
Climate Visuals Countdown/Marcelo Perez del Carpio
بولیویا میں جنگلات کے کم ہوتے رقبے کی ایک بڑی وجہ زمین کو بڑے پیمانے پر زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے۔

4۔ جنگلات خطرے کے دھانے پر

ہر سال ہم 10 ملین ہیکٹر پر مشتمل جنگلاتی رقبے سے محروم ہو جاتے ہیں۔ یہ رقبہ اندازاً جمہوریہ کوریا کے رقبے کے مساوی ہے۔ دنیا بھر کے جنگلات کو درختوں کی غیرقانونی یا ناپائیدار انداز میں کٹائی، جنگلوں میں لگنے والی آگ، آلودگی، بیماریوں، کیڑے مکوڑوں، جنگلاتی رقبے میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی بشمول شدید طوفانوں اور دیگر موسمی واقعات سے خطرات لاحق ہیں۔

چاڈ میں جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کی مہم کے دوران بچے پودے لگا رہے ہیں۔
UNDP Chad/Jean Damascene Hakuzim
چاڈ میں جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کی مہم کے دوران بچے پودے لگا رہے ہیں۔

5۔ جنگلات کی بحالی، مستحکم مستقبل کی بنیاد

اندازے کے مطابق دنیا بھر میں انحطاط کا شکار دو بلین ہیکٹر زمین کو بحال کرنا ممکن ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت عالمگیر جنگلاتی رقبے میں 2030 تک تین فیصد اضافہ کرنے کے لئے انحطاط کا شکار جنگلات کی بحالی بہت ضروری ہے۔ ایسا کرنے سے دنیا بھر کے ممالک کو نئی نوکریاں پیدا کرنے، زمینی کٹاؤ کو روکنے، پَن دھاروں کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کو محدود رکھنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول میں جنگلات کے پائیدار انتظام کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگلات کے لئے اقوام متحدہ کے تزویراتی منصوبے (یو این ایس پی ایف) میں عالمگیر جنگلاتی اہداف پائیدار ترقی کے لئے 2030 کے ایجنڈے کے ساتھ ان کے تعلق کی بنیاد پر ترتیب دیے گئے ہیں۔

جنگلات کے تحفظ سے متعلق اقوام متحدہ کے کام کے بارے میں یہاں مزید جانیے۔