انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این مشاورتی بورڈ نے تجویز کیا بہتر عالمی طرز حکومت

جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر پر لگے رکن ممالک کے جھنڈوں کا رات کے وقت منظر۔
UN Photo/Jean-Marc Ferré
جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر پر لگے رکن ممالک کے جھنڈوں کا رات کے وقت منظر۔

یو این مشاورتی بورڈ نے تجویز کیا بہتر عالمی طرز حکومت

پائیدار ترقی کے اہداف

اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق موسمیاتی بحران اور سلامتی کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات جیسے حالیہ اور آنے والے مسائل پر بہتر طور سے قابو پانے کے لیے عالمگیر طرز حکمرانی میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

موثر کثیرفریقی نظام کے بارے میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی مشاورتی بورڈ کی جانب سے ''انسانوں اور زمین کے لیے ایک پیش رفت: حال اور مستقبل کے لیے موثر اور مشمولہ عالمگیر حکمرانی'' کے عنوان سے یہ رپورٹ عالمگیر نظام کو تبدیل کرنے کا ایک پُرعزم منصوبہ پیش کرتی ہے۔

Tweet URL

لائبیریا کی سابق صدر ایلین جانسن سرلیف اور سویڈن کے سابق وزیراعظم سٹیفن لوویئن کی مشترکہ صدارت میں یہ مشاورتی بورڈ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے 2022 میں قائم کیا تھا جسے رکن ممالک کو عالمی اہمیت کے ایسے مسائل پر مشورے دینے کا کام سونپا گیا جہاں بہتر حکمرانی کے ذریعے تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

مستقبل کا فیصلہ

سٹیفن لووئین کا کہنا تھا کہ ''مستقبل کی نسلیں ہمیں ان فیصلوں سے پہچانیں گی جو ہم آج لیتے ہیں۔''

انہوں نے کہا کہ کثیرفریقی نظام قابل عمل ہو سکتا ہے لیکن اسے بہتر اور تیزرفتار سے کام کرنا چاہیے۔ انسانوں کے لیے فوائد پر مرتکز ہماری سفارشات کا مقصد بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے پر عملدرآمد کی رفتار بڑھانے میں مدد دینا ہے۔

ایلین جانسن سرلیف نے اس بات سے اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ ''مجھے یقین ہے کہ یہ رپورٹ ایک ایسا فریم ورک پیش کرتی ہے جس کی اقوام متحدہ، رکن ممالک اور دوسروں کو موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے بین الاقوامی تعاون مضبوط کرنے کے لیے ضرورت ہے''۔ یہ رپورٹ عالمگیر مسائل سے نمٹنے کا عزم رکھنے والے سینکڑوں نیٹ ورکس، اداروں اور سول سوسائٹی کے گروہوں کے ساتھ طویل مدتی بات چیت کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ''انہوں نے مسائل کے جو حل بتائے ہیں ان کی بدولت موجودہ اور آنے والی نسلوں کو ہمارے موجودہ انداز کار کے تباہ کن اثرات سے بچنے اور انسانوں اور زمین کے لیے مزید پائیدار، منصفانہ اور پرامن دنیا ممکن بنانے میں مدد دے گی۔

مضبوط تر عالمی نظام

ان سفارشات میں امن، سلامتی اور مالیات کے لیے عالمی نظام کو مضبوط کرنا، موسمیات اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے منصفانہ تبدیلی اور عالمگیر فیصلہ سازی میں مزید مساوات اور شفافیت لانا شامل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بہتر طور سے تبدیل شدہ کثیرفریقی نظام میں صںفی مساوات کو مرکزی اہمیت حاصل ہونی چاہیے اور اس میں ایسی سفارشات پیش کی گئی ہیں جن پر عمل کر کے اس نظام کو مزید مربوط، مشمولہ اور موثر بنایا جا سکے۔

تمام انسانوں کا فائدہ

اس رپورٹ میں چھ ایسے اقدامات کی بات کی گئی ہے جو تبدیلی لا سکتے ہیں۔ ان میں شمولیت اور احتساب کے ذریعے کثیر فریقی نظام پر اعتماد کی بحالی، فطرت کے ساتھ دوبارہ توازن کا قیام اور تمام لوگوں کو ماحول دوست توانائی کی فراہمی، حقیقی فوائد کے لیے وافر اور پائیدار مالی وسائل کی یقینی فراہمی، منصفانہ ڈیجیٹل تبدیلی میں ایسا تعاون جس سے معلومات کی قدر سامنے آئے اور ڈیجیٹل نقصانات سے تحفظ ملے، موثر، مساوی اور اجتماعی سلامتی کے اقدامات اور موجودہ اور نئے بین الاقوامی خدشات سے نمٹنا شامل ہیں۔

سٹیفن لووئین نے کہا کہ ''دور حاضر کے ارضی سیاسی تناؤ کو ہماری سلامتی کو لاحق گونا گوں اور بڑھتے ہوئے مسائل سے پر قابو پانے کی راہ میں حائل نہیں ہونا چاہیے۔''

خواتین رہنماؤں کا صنفی مساوات کے حصول میں اہم کردار ہے۔
UN Women
خواتین رہنماؤں کا صنفی مساوات کے حصول میں اہم کردار ہے۔

بہتر تیاری

انہوں نے مزید کہا کہ ''ہمیں نئے اور مستقبل کے خطرات کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کی بہتر تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بین الاقوامی تعلقات میں مزید شفافیت لانے اور اعتماد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔'' انہوں ںے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات لانے، قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے نظام کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ اور علاقائی اداروں کے مابین تعلقات کو وسعت دینے کی نئی کوشش کے لیے اس رپورٹ کے مندرجات پر روشنی ڈالی۔

یہ رپورٹ 2024 کی کانفرنس برائے مستقبل کے لیے جاری غوروخوض میں مدد فراہم کرے گی۔ اس کانفرنس میں رکن ممالک مزید موثر عالمگیر تعاون کی بنیاد ڈالنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔

مشاورتی بورڈ کا اختیار

موثر کثیر فریقی نظام کے بارے میں اعلیٰ سطحی مشاورتی بورڈ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے قائم کیا تھا جو ''ہمارے مشترکہ ایجنڈے'' کو آگے بڑھاتا ہے۔ ان کی یہ رپورٹ رکن ممالک کی درخواست پر ستمبر 2021 میں جاری کی گئی تھی جس میں کرہ ارض کے لیے ماحول دوست، بہتر اور محفوظ تر مستقبل کی بات کی گئی ہے۔

ان تصورات کو عملی جامہ پہنانے کا مقصد لے کر یہ مشاورتی بورڈ بہت سے اہم عالمگیر مسائل پر مزید موثر کثیر فریقی اہتمام کے لیے ٹھوس سفارشات تیار کرتا ہے اور یہ یقینی بناتا ہے کہ اس معاملے میں خواتین اور لڑکیوں، نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کے مفادات اور ضروریات کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جائے۔