انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ماحول کا تحفظ مقامی باشندوں سے سیکھیں: سربراہ اقوام متحدہ

برازیل کے مقامی باشندے
UN News/Pauline Batista.
برازیل کے مقامی باشندے

ماحول کا تحفظ مقامی باشندوں سے سیکھیں: سربراہ اقوام متحدہ

انسانی حقوق

قدیمی مقامی امور پر اقوام متحدہ کے مستقل فورم (یو این پی ایف آئی آئی) میں سیکرٹری جنرل نے قدیمی مقامی باشندوں کو حقوق سے محروم رکھنے کے طریقوں کی جانب توجہ دلائی ہے اور فطرت اور حیاتی تنوع کے تحفظ کی کوششوں پر انہیں سلام پیش کیا ہے۔

فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا کہنا تھا کہ قدیمی مقامی باشندوں کے پاس ''موسمیاتی بحران پر قابو پانے کے کئی طریقے'' ہیں اور یہ لوگ ایمازون، سیحل اور ہمالیہ جیسی مختلف جگہوں پر دنیا کے حیاتیاتی تنوع کے محافظ ہیں۔

Tweet URL

استحصال اور بے دخلی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اعتراف کیا کہ قدیمی مقامی باشندے موسمیاتی بحران سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں وسائل سے مال مال اپنے علاقوں میں استحصال، اپنے اجداد کی زمینوں سے بے دخلی اور جسمانی حملوں کا سامنا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے 2007 میں قدیمی مقامی لوگوں کے حقوق پر اعلامیے کی منظوری کی جانب توجہ دلائی جس کے نتیجے میں ادارے کے کام میں ان لوگوں کی وسیع پیمانے پر شرکت کی راہ ہموار ہوئی۔ حیاتیاتی تنوع پر کنونشن اور موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کا فریم ورک کنونشن اس کام کی نمایاں مثال ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ''اقوام متحدہ ہر سطح پر پالیسیوں اور پروگراموں میں قدیمی مقامی باشندوں کے حقوق کو فروغ دینے اور آپ کی آوازوں کو بلند کرنےکے لیے پرعزم ہے۔ ''آئیے ان لوگوں کے تجربات سے سیکھیں اور انہیں اپنائیں۔''

'حقوق کے محافظوں کے خلاف مظالم بند کیے جائیں'

کولمبیائی غرب الہند میں زینو برادری کے قدیمی مقامی رکن ڈیریو میجیا مونٹالوو اور 'یو این پی ایف آئی آئی' کے صدر نے ان باشندوں کو درپیش کٹھن جدوجہد کی جانب توجہ دلائی۔

حقوق کے محافظوں کا قرض

انہوں نے کہا کہ ''جو لوگ ہم سے پہلے اس راہ پر آئے انہوں ںے اقوام متحدہ کے لیے راستے کھولے، ہم ان کی ہمت کے مشکور ہیں۔

میں قدیمی مقامی باشندوں کے رہنماؤں اور اتحادیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں ںے اپنے لوگوں اور اپنے علاقوں کا دفاع کرتے ہوئے جانیں دیں۔ یہ فورم انہی کا ہے۔''

مونٹالوو نے اس فورم کو دنیا میں ثقافتی اور سیاسی تنوع کے ملاپ کا بہت بڑا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ قدیمی مقامی باشندے موسمیاتی بحران کو حل کرنے کے طریقے پیش کرنے اور اس حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کرنے کو تیار ہیں۔

'قدیمی باشندوں کو ساتھ رکھا جائے'

انہوں نے کہا کہ ''موسمیاتی تبدیلی اور حیاتی تنوع کے مسائل قدیمی مقامی لوگوں کی حقیقی اور موثر شرکت کے بغیر حل نہیں ہو سکتے۔'' ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی قابل تجدید ذرائع کی جانب منتقلی سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل کے وقت  ابتدا ہی سے قدیمی مقامی باشندوں کو ساتھ رکھنا چاہیے۔

مونٹالوو نے کہا کہ ''موسمیاتی تبدیلی کے خلاف فوری اقدامات میں قدیمی مقامی بھائیوں اور بہنوں کے خلاف مظالم، ان کا قتل اور انہیں مجرم اور انسانی حقوق اور فطرت کے حقوق کے دفاع کے لیے ان کے اقدامات کو جرم قرار دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔''

ارجنٹائن کی دیسی خاتون جو سیاحت کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
Ivar Velasquez
ارجنٹائن کی دیسی خاتون جو سیاحت کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

'صدیوں سے پروان چڑھتا آبائی علم'

جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروشی نے کہا کہ دنیا زمین اور لوگوں کی صحت کے خلقی تعلق کے بارے میں قدیمی مقامی باشندوں سے سیکھنے میں اس قدر طویل وقت صرف کرنے کی قیمت تاحال چکا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو قدیمی مقامی باشندوں کی صحت اور بہبود پر اثرانداز ہونے والے عوامل کو سمجھنے اور انہیں کُلی اور حقوق پر مبنی انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔

جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا کہ ''آپ کے لوگوں کے صدیوں سے پروان چڑھنے والے آبائی علم نے بہت سی جدید ادویات کی تیاری کی راہ ہموار کی۔ دنیا کے 80 فیصد حیاتیاتی تنوع کے محفوظ کی حیثیت سے آپ کے پاس موسمیاتی خطرات سے مطابقت پیدا کرنے اور انہیں محدود رکھنے کے لیے روایتی مہارت موجود ہے۔

سابا کوروشی نے مندوبین کو دعوت دی کہ وہ عالمی برادری کی جانب سے امن کو فروغ دینے، انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے اور پائیدار ترقی میں معاونت فراہم کرنے کے طریقے ڈھونڈنے میں مدد دیں۔