انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک کا ٹویٹر کے ایلون مسک کو کھلا خط

وولکر ترک نے انسانی حقوق کے نقطہ نظر سے چھ بنیادی اصول وضع کیے جو وہ چاہتے ہیں کہ ٹویٹر کی نئی انتطامیہ کو مدنظر رکھنے چاہیں۔
UNHCR
وولکر ترک نے انسانی حقوق کے نقطہ نظر سے چھ بنیادی اصول وضع کیے جو وہ چاہتے ہیں کہ ٹویٹر کی نئی انتطامیہ کو مدنظر رکھنے چاہیں۔

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک کا ٹویٹر کے ایلون مسک کو کھلا خط

انسانی حقوق

انسانی حقوق کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے ایک کھلے خط کے ذریعے مائیکرو بلاگنگ کے پلیٹ فارم ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو  ایلون مسک سے کہا ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ ان کی قیادت میں ٹویٹر کے انتظام میں انسانی حقوق مرکزی حیثیت کے حامل ہونگے۔

خط ان اطلاعات کے بعد لکھا گیا ہے کہ ٹویٹر کی انسانی حقوق کی ساری ٹیم اور مصنوعی ذہانت کے اخلاقی پہلوؤں پر نظر رکھنے والی ٹیم کے دو کے علاوہ باقی سب اہلکاروں کو برخاست کر دیا گیا ہے۔

Tweet URL

وولکر ترک نے اپنے خط میں کہا کہ ٹویٹر اس عالمگیر انقلاب کا حصہ ہے جس نے رابطوں اور اطلاعات کے ذرائع کو بدل کر رکھ دیا ہے، اس لیے عوامی ڈیجیٹل میدان اور ٹویٹر کے اس میں کردار پر پیدا ہونے والی تشویش اور خدشات پر انہیں یہ لکھنا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کی طرح ٹویٹر کو بھی ان نقصانات کو سمجھنا چاہیے جو اس پلیٹ فارم سے جُڑے ہوئے ہیں، اس لیے اس پلیٹ فارم پر ہمارے مشترکہ انسانی حقوق کو بطور حفاظتی بند اور ارتقاء کے بروئے کار لانا چاہیے۔

ہائی کمشنر نے ایلون مسک سے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹویٹر ان کی انتظامیہ کے تحت انسانی حقوق کا خاص خیال رکھے۔

وولکر ترک نے انسانی حقوق کے نقطہ نظر سے چھ بنیادی اصول وضع کیے جو وہ چاہتے ہیں کہ ٹویٹر کی نئی انتطامیہ کو مدنظر رکھنے چاہیں۔

آزادی اظہار رائے کا دنیا بھر میں تحفظ

ہائی کمشنر نے ٹویٹر سے کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آزادیِ اظہار رائے اور پرائیوسی کا ہر ممکن حد تک تحفظ کریں، اور ان حقوق کو دبانے کے لیے اگر حکومتوں کی طرف سے کوئی درخواست آتی ہے تو اسے شفافیت کے ساتھ سامنے لائے۔

اظہار رائے کی آزادی کی حدود

غلط اطلاعات کا وائرل پھیلاؤ بھیی بہت نقصان دہ ہے جیسا کہ کووڈ۔19 وباء اور اس کی ویکسین کے بارے میں کیا گیا۔ ایسا مواد جس سے دوسرے لوگوں کے حقوق متاثر ہونے کا احتمال ہو  اسے پھیلنے سے روکنا ٹویٹر کی ذمہ داری ہے۔

تعصب، مخاصمت، اور تشدد

ٹوئٹر پر ایسی نفرت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جس سے تعصب، مخاصمت، اور تشدد پھیلے۔ سوشل میڈیا پر نفرت کا پرچار ہزاروں لوگوں کے لیے بھیانک نتائج کا باعث رہا ہے۔ ٹویٹر کو چھپنے والے مواد کی چھان پھٹک کرتے رہنا چاہیے تاکہ اس پلیٹ فارم سے نفرت کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انسانی حقوق اس حوالے سے واضح ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی وہاں ختم ہو جاتی ہے جہاں تفرقہ، مخاصمت اور تشدد جنم لے۔

اظہار رائے کی آزادی وہاں ختم ہو جاتی ہے جہاں تفرقہ، مخاصمت اور تشدد جنم لے۔
Unsplash/Jon Tyson
اظہار رائے کی آزادی وہاں ختم ہو جاتی ہے جہاں تفرقہ، مخاصمت اور تشدد جنم لے۔

شفافیت سب سے اہم

سوشل میڈیا کے ہمارے معاشروں پر اثرات پر تحقیق انتہائی اہم ہے۔ ٹویٹر کے ڈیٹا تک رسائی کو اس کے اوپن اپلیکیشن پروگرام انٹرفیس (APIs) کے ذریعے جاری رہنا چاہئے۔

پرائیوسی کا تحفظ

اظہارِ رائے کی آزادی کا انحصار پرائیوسی کے مؤثر تحفظ پر ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ٹویٹر اپنے صارفین کا شدت کے ساتھ پیچھا نہ کرے، اور حکومتوں کی طرف سے صارفین کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کی درخواستوں کو حتی المقدور طور پر سختی کے ساتھ مسترد کر دے۔

زبانوں اور سیاق پر مہارت

زبانوں اور سیاق پر مہارت محض اختیاری نہیں ہے۔ حقوق کا احترام اور محفوظ پلیٹ فرام مہیا کرنا صرف انگریزی زبان کے مواد تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ یہ ٹویٹر کی ذمہ داری ہے کہ اس کا اطلاق ہر زبان پر ہو۔