انسانی کہانیاں عالمی تناظر

الجزائر سے گوانتانامو بے کے سابقہ قیدی کی رہائی کا مطالبہ

الجزائر کے دارالحکومت کا ایک فضائی منظر۔
© Unsplash/Brux Photos
الجزائر کے دارالحکومت کا ایک فضائی منظر۔

الجزائر سے گوانتانامو بے کے سابقہ قیدی کی رہائی کا مطالبہ

انسانی حقوق

انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے مقرر کردہ ماہرین نے الجزائر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوانتانامو بے کے ایک سابق قیدی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ ختم کر کے انہیں رہا کرے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس امریکی جیل سے رہائی پانے والے سعید بوغاش کو الجزائر میں منصفانہ قانونی کارروائی کے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔

Tweet URL

سعید باغوش کو اپریل 2023 میں اس شرط پر الجزائر کے حوالے کیا گیا تھا کہ ان کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھا جائے گا۔ تاہم الجزائر پہنچتے ہی انہیں گرفتار کر کے قید تنہائی میں ڈال دیا گیا، دوران تفتیش ڈرایا دھمکایا گیا اور وکلا کی مدد لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

تشدد کا خطرہ

سعید پر رواں ماہ کے آخر میں مقدمہ چلایا جانا ہے۔ ان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والوں میں انسداد دہشت گردی پر اقوام متحدہ کے خصوصی اطلاع کار بین ساؤل بھی شامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ سعید نے 20 سال سے زیادہ عرصہ گوانتانامو کی بدنام جیل میں گزارا ہے۔ دوران قید انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا جہاں وہ 'پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈِس آرڈر' اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے خلاف الجزائر میں قومی سلامتی سے متعلق مقدمے کی کارروائی غیرمنصفانہ ہو گی۔

انہوں نے الجزائر میں دہشت گردی کی وسیع تر قانونی تعریف پر بھی تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ سعید بوغاش کو الجزائر کے قید خانوں میں تشدد کا نشانہ بنانے کا بھی خدشہ ہے۔

ماہرین و خصوصی اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔