انسانی کہانیاں عالمی تناظر

رفح میں بڑے اسرائیلی فوجی آپریشن کے امکان پر گوتیرش کو تشویش

اقوام متحدہ کے سربراہ نیو یارک میں غزہ کی صورتحال پر صحافیوں سے بات کر رہے ہیں۔
UN Photo/Manuel Elías
اقوام متحدہ کے سربراہ نیو یارک میں غزہ کی صورتحال پر صحافیوں سے بات کر رہے ہیں۔

رفح میں بڑے اسرائیلی فوجی آپریشن کے امکان پر گوتیرش کو تشویش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں بڑھتی رکاوٹوں اور سلامتی کی مجموعی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے قبل نیو یارک میں صحافیوں کے ساتھ مختصر بات چیت میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ میں امن عامہ کی تباہی کا حوالہ دیا اور ان اسرائیلی پابندیوں کا ذکر کیا جن کی وجہ سے انسانی امداد کی تقسیم ضروریات کے مقابلے میں انتہائی کم ہو کر رہ گئی ہے۔

انتونیو گوتیرش نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کے تحفظ کے لیے رابطہ کاری کے طریقہ کار کے مؤثر نہ رہنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ لیکن انہوں نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مزاکرات کی کامیابی اور رفح میں بڑے پیمانے پر آپریشن سے اجتناب کی امید ظاہر کی۔

صحافیوں کی ہلاکتیں

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ رفح غزہ میں انسانی امدادی کارروائیوں کے نظام کا مرکز ہے، اس لیے وہاں ممکنہ بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

غزہ میں مزید دو صحافیوں کی ہلاکت کے بارے میں کیے گئے سوال پر اقوام متحدہ کے سربراہ نے اس تنازعے کے دوران ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حقائق کی تلاش اور انہیں سامنے لانے میں آزادی صحافت بنیادی شرط ہے اور اس کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔