انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انڈیا کے ساتھ اقوام متحدہ کی شراکت ترقی کے پائیدار اہداف کا سرمایہ ہے: گوتیرش

سیکرٹری جنرل نے ممبئی کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں خطاب کیا۔
UN Photo/Deepak Malik
سیکرٹری جنرل نے ممبئی کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں خطاب کیا۔

انڈیا کے ساتھ اقوام متحدہ کی شراکت ترقی کے پائیدار اہداف کا سرمایہ ہے: گوتیرش

پائیدار ترقی کے اہداف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش انڈیا میں ہیں اور انہوں نے بدھ کو اپنے دورے کا آغاز 2008 میں ممبئی کے تاج محل پیلس ہوٹل میں دہشت گرد حملوں کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب میں شرکت سے کیا۔

اس کے بعد وہ انڈیا کے اِس مرکزی کاروباری شہر میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں گئے جہاں انہوں نے ایک لیکچر دیا اور اس دوران انڈیا کی آزادی کے 75ویں سال کی مناسبت سے اس کی اقوام متحدہ کے ساتھ شراکت کی تحسین کی۔

انہوں نے کہا کہ بڑے صنعتی ممالک کے گروپ جی20 کی آئندہ صدارت انڈیا کو ملنا ترقی پذیر دنیا کی اقدار اور تصورات کو عالمگیر معیشت کے اس اعلیٰ ترین فورم پر لانے اور دنیا کے جنوبی خطے کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہو گا۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے سربراہ نے قرضوں میں چھوٹ کے لیے جی20 ممالک کو متحرک کرنے کے معاملے میں انڈیا پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

سب سے بڑا حصہ دار

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انڈیا دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے زیراہتمام فوج اور پولیس مہیا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور اس میں ایسے ایک مشن میں تعینات کیا جانے والا صرف خواتین پر مشتمل پہلا دستہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1948 سے اب تک انڈیا کے 200,000 سے زیادہ مردوخواتین قیام امن سے متعلق اقوام متحدہ کے 49 اقدامات کا حصہ رہ چکے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ انڈیا دنیا کی چھ فیصد اور نوجوان نسل کی سب سے بڑی آبادی کا ملک ہونے کی بناء پر اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے کی 'کامیابی یا ناکامی' میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

'انتہائی مؤثر' ترقی

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ترقی کے لیے انڈیا کا حالیہ سفر خاطرخواہ حجم کے انتہائی موثر پروگراموں سے عبارت ہے۔ اس میں خوراک سے متعلق سماجی تحفظ کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ اور صاف پانی اور نکاسی آب کی خدمات تک رسائی کو بڑے پیمانے پر وسعت دینے کا پروگرام بھی شامل ہے۔

انہوں نے عالمگیر مالیاتی ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کے عمل میں انڈیا کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی۔ فی الوقت یہ ڈھانچہ امیرترین ممالک کو باقی دنیا کی قیمت پر فائدہ پہنچاتا ہے۔

انہوں نے انڈیا پر قابل تجدید ٹیکنالوجی میں عالمی طاقت اور دنیا بھر میں اس انقلاب کی رفتار تیز کرنے کے لیے صنعی مرکز بننے کے لیے زور بھی دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر انڈیا کی آواز اندرون ملک سب کو مساوی مواقع دینے اور انسانی حقوق کے احترام کے مضبوط عزم کی بدولت ہی اثر اور ساکھ حاصل کر سکتی ہے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں 26/11 دہشتگرد حملوں کا شکار ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
UN Photo/Vinay Panjwani
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں 26/11 دہشتگرد حملوں کا شکار ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مودی کے ساتھ ملاقات

سیکرٹری جنرل جمعرات کو وزیراعظم نریندرا مودی سے ملاقات کریں گے اور ایک مثالی منصوبے کی جگہ کا دورہ بھی کریں گے جسے حال ہی میں مکمل طور سے شمسی توانائی پر اںحصار کرنے والا انڈیا کا پہلا گاؤں قرار دیا گیا ہے۔

انتونیو گوتیرش انڈیا کا دورہ مکمل کر کے ویت نام جائیں گے جہاں وہ اس کے اقوام متحدہ کا رکن بننے کی 45 ویں سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔