انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمی خواتین فورم پر امینہ محمد کا صنفی مساوات پر زور

اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد منگولیا میں عالمی خواتین فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی ہیں۔
UN Mongolia/Enkhbold Orosoo
اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد منگولیا میں عالمی خواتین فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی ہیں۔

عالمی خواتین فورم پر امینہ محمد کا صنفی مساوات پر زور

خواتین

اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے خواتین کو بااختیار بنانے، صنفی مساوات قائم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مضبوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگولیا میں منعقدہ ورلڈ ویمن فورم سے اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کو پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے اقدامات کی رفتار بڑھانا ہو گی کیونکہ ان کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت میں صرف چھ سال باقی رہ گئے ہیں۔

Tweet URL

اس دو روزہ فورم کا عنوان 'ماحول دوست مستقبل کی جانب مراجعت' ہے اور اس میں پائیدار ترقی کے اہداف بالخصوص صنفی مساوات یقینی بنانے پر خاص زور دیا گیا ہے۔

امینہ محمد کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر بہتر خدمات اور موثر موسمیاتی اقدامات کے لیے خواتین کا قائدانہ کردار ناگزیر ہے لیکن اس مقصد کے لیے بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ ہنگامی اقدامات کی ضرورت کے حوالے سے آگاہی اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے باوجود منزل بہت دور ہے۔ موجودہ رفتار کو دیکھا جائے تو یہ مشن آئندہ نسلوں کو منتقل کرنا پڑے گا۔

خواتین کا قائدانہ کردار

نائب سیکرٹری جنرل نے صنفی مساوات کو فروغ دینے کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ماحولیاتی اور موسمیاتی اقدامات میں خواتین کے قائدانہ کردار کو بڑھانا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی زندگیاں قدرتی وسائل سے جڑی ہوتی ہیں اور وہ غذائی تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، آلودگی اور ماحولیاتی تنوع کے نقصان کی صورت میں سہ جہتی ارضی بحران سے نمٹنے کے اقدامات میں ماحولیاتی حقوق کے لیے کام کرنے والی، زرعی شعبے سے وابستہ اور خواتین و دیگر کے تحفظ پر زور دیا۔

انہوں نے لڑکیوں کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے اور صنفی بنیاد پر تشدد کا خاتمہ کرنے کے لیے بھی کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے اور سبھی کو ایسی دنیا تشکیل دینا ہو گی جہاں وہ بااختیار ہوں اور خوف کے بغیر جی سکیں۔

صنفی مساوات اور تحفظ

نائب سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی رہنما آئندہ مہینے کانفرنس برائے مستقبل اور بیجنگ+3 جائزے کی تیاری کر رہے ہیں اور اس موقع پر صنفی مساوات اور خواتین کے اختیار کو پائیدار ترقی کے اہداف کے ہر پہلو میں جگہ دینا ضروری ہے۔ دنیا بھر کے ممالک کو ایسی پالیسیاں بنانا ہوں گی جن میں بالخصوص لڑکیوں، قدیمی مقامی لوگوں اور دیہی خواتین کے حقوق کو تحفظ ملے اور ان کے علم و مہارت سے کام لیا جائے۔

اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد منگولیا میں ایک بچے کے ساتھ۔
UN Mongolia
اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد منگولیا میں ایک بچے کے ساتھ۔

امینہ محمد نے افغانستان، غزہ اور سوڈان جیسے جنگ زدہ علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کو یاد رکھنے کے لیے بھی کہا جنہیں نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان خواتین اور لڑکیوں کے کندھوں پر پڑنے والے اضافی بوجھ، انہیں درپیش مسائل اور مظالم پر توجہ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے دنیا کو ایسی جگہ بنانے کے لیے کہا جہاں لڑکیاں اور خواتین آزادانہ طور سے اپنے خوابوں کی تکمیل کریں اور معاشرے میں مفید کردار ادا کرتے ہوئے پرامن طور سے زندگی گزار سکیں۔

امینہ محمد نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس تصور کو حقیقت میں بدلنا مشکل نہیں ہے۔