فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے کو 118 ممالک کی حمایت حاصل
اردن، کویت اور سلووینیا نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) کو سیاسی و مالی تعاون کی فراہمی کے لیے مشترکہ اقدام شروع کیا ہے جس کی 118 ممالک نے حمایت کر دی ہے۔
اس اقدام کا اعلان اقوام متحدہ میں تینوں ممالک کے مستقل نمائندوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر 'انرا' کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی اور متعدد رکن ممالک کے مندوبین بھی موجود تھے۔
تینوں نمائندوں کا کہنا تھا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کو خدمات کی فراہمی میں 'انرا' کا اہم ترین کردار ہے جسے ناصرف جاری رہنا چاہیے بلکہ اسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت بھی ہے۔ ابتداً یہ اقدام 16 ممالک کے گروہ نے شروع کیا تھا جس کا مقصد 'انرا' کو اس کے کام میں مدد فراہم کرنا تھا۔
فلسطینیوں کے لیے اہم ترین ادارہ
اس موقع پر اردن کے نمائندے محمود حمود نے بتایا کہ اس اقدام میں کوئی بھی ملک کسی بھی وقت شامل ہو سکتا ہے۔ جمعے کی صبح تک 100 سے زیادہ ممالک نے اس میں شمولیت اختیار کر لی تھی جبکہ مزید ممالک کے نمائندوں نے بھی تعاون کی خواہش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں 'انرا' کے ساتھ تعاون کی بے حد اہمیت ہے۔ یہ ادارہ ہر شعبہ زندگی میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے بے حد اہم ہے اور کوئی دوسرا ادارہ ایسے کام کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا جو 'انرا' کر سکتا ہے۔ خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبے میں اس کی امدادی سرگرمیوں اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں روزگار کی فراہمی کے اقدامات کا کوئی نعم البدل نہیں۔
مضبوط سیاسی حمایت
اس موقع پر سلووینیا کی وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ میں ملک کی مستقل نمائندہ تانیا فیلن نے اس اقدام کے لیے کام کرنے پر اردن اور کویت کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'انرا' روزانہ شہریوں کی زندگیوں کو تحفظ دے رہا ہے اور اس اقدام کے ذریعے 'انرا' کے لیے سیاسی حمایت کا مضبوط پیغام جا رہا ہے۔
اس اقدام میں درج ذیل باتوں کا بطور خاص تذکرہ ہے:
- جنرل اسمبلی کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داریوں کے تحت 'انرا' کا فلسطینی پناہ گزینوں کو زندگی کے تحفظ میں مدد دینے میں اہم کردار۔
- غزہ میں تمام امدادی سرگرمیوں میں ادارے کے مرکزی کردار کی ستائش۔
- ادارے کے مقصد اور ذمہ داریوں پر عملدرآمد کے لیے لگن سے کام کرنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور 'انرا' کے کمشنر جنرل کی تعریف۔
- 'انرا' سے متعلق غیرجانبدارانہ جائزہ گروپ کی رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور۔
- اقوام متحدہ میں داخلی نگرانی کے ادارے کی جانب سے 'انرا' کے 12 اہلکاروں پر 7 اکتوبر کے حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات۔
- 'انرا' کی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کے لیے کام اور انسانیت، غیرجانبداری، دیانت اور خودمختاری کے اصولوں کے احترام پر ادارے کے ملازمین کی ستائش۔
علاقائی استحکام میں 'انرا' کا اہم کردار
ادارے کی انتہائی مخدوش مالی صورتحال پر خدشات، مالیاتی بحران پر قابو پانے کے لیے عطیہ دہندگان اور پناہ گزینوں کے میزبان ممالک کی کوششیں اور ادارے کے لیے مالی وسائل کی مناسب، قابل بھروسہ اور پائیدار انداز میں فراہمی کی اہمیت۔
ادارے کے اہم کام میں تعاون بڑھانے کے لیے تمام ممالک اور اقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون کی اہمیت۔