انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ کو دور حاضر سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت، گوتیرش

سال 2015 میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کی عمارت کو پائیدار ترقی کے اہداف کے رنگوں میں  رنگا گیا تھا۔
UN Photo/Cia Pak
سال 2015 میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کی عمارت کو پائیدار ترقی کے اہداف کے رنگوں میں رنگا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کو دور حاضر سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت، گوتیرش

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے دنیا بھر میں لوگوں کے بہتر طور سے کام آنے کے لیے اقوام متحدہ کو مضبوط اور دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ تنازعات سے موسمیاتی بحران اور غربت سے عدم مساوات تک ہر مسئلے پر لوگ دنیا کو بہتر، محفوظ اور ماحول دوست بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب دیکھتے ہیں۔ تاہم 20ویں صدی کے ذرائع سے کام لے کر 21ویں صدی کے مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ 

انہوں نے یہ بات ہفتہ 'یو این 2.0' کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔

'یو این 2.0' کے حوالے سے سیکرٹری جنرل کا تصور اقوام متحدہ کے صلاحیتوں اور اس کے ماحول میں مزید بہتری کے لیے تبدیلی لانا ہے۔ یہ بہتر نتائج دینے اور ممالک کو پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی کوششوں تیز کرنے میں مدد مہیا کرنے کی غرض سے معلومات، ڈیجیٹل طریقہ ہائے کار، اختراع، پیش بینی اور طرزعمل کو جدت دینے کا منصوبہ ہے۔ 

گزشتہ برس ستمبر میں اس منصوبے کی شروعات پر اس تصور کی تفصیلی وضاحت کی گئی تھی۔

دور رس سوچ

انتونیو گوتیرش نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو دور رس سوچ اختیار کرنے کی ضرورت ہے جس میں ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تیزتر ترقی سے مدد لی جانی چاہیے۔ عالمگیر تعاون اور 'ایس ڈی جی' کے حصول کی جانب درست راہ پر واپسی کے لیے 'ہمارے مشترکہ ایجنڈے' میں پیش کردہ بنیادی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی اس کی خاص اہمیت ہے۔ علاوہ ازیں، رواں سال 22 اور 23 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی 'کانفرنس برائے مستقبل' کے حوالے سے بھی یہ تصور اہم ہے۔ 

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں کے لیے آن لائن سکولوں، تازہ ترین معلومات کی بنیاد پر انسانی امداد کی فراہمی اور ممالک کو قدرتی آفات سے پیشگی آگاہی اور ان کے مقابل مضبوطی لانے میں مدد دینے والی ٹیکنالوجی کی صورت میں اس جدت کے امکانات پہلے ہی واضح ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بالآخر 'یو این 2.0' کی بدولت ادارے کو عوامی بھلائی کے کاموں میں ممالک کی مدد کے لیے بہتر شراکت دار بننے میں مدد ملے گی۔ 

'یو این 2.0' کیا ہے؟

اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ جے محمد نے اس ہفتے کے افتتاحی روز خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ 'یو این 2.0' دنیا کو موجودہ مسائل کے حل اور مستقبل کی جانب سفر میں بہتر طور سے مدد دینے کے لیے ادارے کے طریقہ کار کا نام ہے۔ 

اس کا مطلب معلومات، ڈیجیٹل طریقہ ہائے کار، اختراع، پیش بینی اور طرزعمل میں تبدیلیاں لاتے ہوئے اپنے عملے کی صلاحیتوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔