انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این چیف کا تحقیقاتی پینل رپورٹ کے بعد ’انرا‘ سے اظہار یکجہتی

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا امدادی ادارہ ’انرا‘ غزہ کے آٹھ فعال ہسپتالوں اور پناہ گاہوں میں طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
© UNRWA
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا امدادی ادارہ ’انرا‘ غزہ کے آٹھ فعال ہسپتالوں اور پناہ گاہوں میں طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔

یو این چیف کا تحقیقاتی پینل رپورٹ کے بعد ’انرا‘ سے اظہار یکجہتی

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ادارے (انرا) کے اہلکاروں کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے نتائج کو قبول کرتے ہوئے دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھے۔

'انرا' کے بعض اہلکاروں پر اسرائیل کے خلاف 7 اکتوبر کے حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کرنے والے غیرجانبدار پینل نے اپنی حتمی رپورٹ آج سیکرٹری جنرل کو پیش کرنا ہے۔

Tweet URL

اس پینل کی سربراہی فرانس کی سابق وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کر رہی تھیں جو آج نیویارک میں صحافیوں سے بھی بات کریں گی۔ جائزہ پینل کو سویڈن کے راؤل ویلن برگ انسٹیٹیوٹ، ناروے کے کرسچین مکلسن انسٹیٹیوٹ اور ڈنمارک کے انسٹیٹیوٹ فار ہیومن رائٹس کا تعاون بھی حاصل رہا۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پینل کی سفارشات کو قبول کیا ہے۔ اس طرح ایسے لائحہ عمل کی تشکیل میں مدد ملے گی جس سے حتمی رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد ممکن ہو سکے گا۔ 

غیرجانبدار جائزہ پینل نے اپنی عبوری رپورٹ چند ہفتے قبل سیکرٹری جنرل کو پیش کی تھی۔ اس میں کہا گیا تھا کہ 'انرا' امدادی کاموں میں غیرجانبداری کے اصول کی پاسداری کے لیے متعدد طریقہ ہائے کار سے کام لیتا ہے تاہم بعض جگہوں پر اب بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ 

غزہ اور مغربی کنارے میں تشدد

یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب غزہ پر اسرائیل کی مزید بمباری اور مغربی کنارے میں تشدد بڑھنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔غزہ کے طبی حکام نے بتایا ہے کہ علاقے میں اب تک 34 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور تقریباً 77 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے) نے بتایا ہے کہ غزہ میں ڈاکٹروں نے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والی ایک حاملہ خاتون کے بچے کی زندگی بچا لی ہے۔ یہ خاتون 30 ہفتے کے حمل سے تھیں جنہیں اس حملے میں سر پر چوٹیں آئیں۔ اس حملے میں ان کا شوہر اور بچہ بھی ہلاک ہو گیا۔

'انرا' نے بتایا ہے کہ تقریباً سات ماہ سے جاری جنگ میں غزہ کے عام لوگوں کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔ علاقے میں ہر 10 منٹ کے بعد ایک بچہ ہلاک ہو جاتا ہے۔ ادارے نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی اور غزہ میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد پہنچانے کی اپیل کی ہے۔ 

ادارے نے گرم ہوتے موسم میں طبی خطرات کا تذکرہ کرتے ہوئے فضلے کی صفائی کے ناقص حالات اور بیماریوں کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ غزہ میں 'انرا' کے امور کے سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر سکاٹ اینڈرسن نے خبردار کیا ہے کہ صاف پانی اور نکاسی آب کی مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث لوگوں کی صحت سنگین خطرات سے دوچار ہے۔

ذہنی صحت کے مسائل

صحت کے عالمگیر انسانی حق پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار ڈاکٹر لالینگ موفوکینگ نے بتایا ہے کہ غزہ کی حالیہ جنگ اور علاقے میں کئی دہائیوں سے جاری تشدد کے نتیجے میں لوگوں کی ذہنی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ لوگ بمباری یا فائرنگ کے مستقل خطرات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہیں ہر لحظہ یہ خطرہ رہتا ہے کہ وہ کھانا یا پانی لینے کے لیے جاتے ہوئے ہلاک ہو سکتے ہیں اور بچے دوران کھیل جان گنوا سکتے ہیں۔ یہ خوف بذات خود تشدد ہے۔ بچوں کا ایسے خوف کے ساتھ بڑا ہونا معمول کی بات نہیں ہے لیکن مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں دہائیوں سے ایسے خطرات کا سامنا کرنے والے لوگوں کے لیے یہ معمول بن چکا ہے۔