انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ کی ماسکو کنسرٹ ہال پر دہشتگردی کی شدید مذمت

روس کا دارالحکومت ماسکو۔
UN News/Anton Uspensky
روس کا دارالحکومت ماسکو۔

اقوام متحدہ کی ماسکو کنسرٹ ہال پر دہشتگردی کی شدید مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے روسی دارالحکومت ماسکو کے کنسرٹ ہال پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے نائب ترجمان فرحان حق کی جانب سے جاری کردہ بیان میں متاثرہ خاندانوں، روس کے عوام اور حکومت سے اس واقعے پر دلی افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔

Tweet URL

یہ واقعہ کرانسنوگورسک کے کروکس سٹی ہال میں موسیقی کے پروگرام کے موقع پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اطلاعات کے مطابق ایک دہشت گرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سلامتی کونسل کی طرف سے مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ اور بزدلانہ دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔

کونسل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس قابل مذمت اقدام کے نتیجے میں درجنوں انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ کونسل کے ارکان نے متاثرین اور روس کے عوام سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ ہر طرح اور ہر انداز کی دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے۔ اس دہشت گردی کا ارتکاب کرنے والوں، منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ 

کونسل کے ارکان نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے روس کی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ اس معاملے پر فعال طور سے تعاون کریں۔