انسانی کہانیاں عالمی تناظر

محفوظ دنیا کے لیے دہشتگردی سے مل کر نمٹنا ہوگا، ولادیمیر وورنکوو

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد دہشت گردی کے سربراہ ولادیمیر وورنکوو (فائل فوٹو)۔
UN Photo/Loey Felipe
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد دہشت گردی کے سربراہ ولادیمیر وورنکوو (فائل فوٹو)۔

محفوظ دنیا کے لیے دہشتگردی سے مل کر نمٹنا ہوگا، ولادیمیر وورنکوو

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد دہشت گردی (اونوکٹ) کے سربراہ ولادیمیر وورنکوو نے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی دنیا کے لیے متحد ہو کر کام کریں جس میں تمام انسانوں کا مستقبل دہشت گردی سے محفوظ ہو۔

دہشت گردی کا سبب بننے والی متشدد انتہاپسندی کی روک تھام کے دوسرے عالمی دن پر اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لیے جامع طریقہ ہائے کار سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

Tweet URL

اس میں سلامتی کے حوالے سے ضروری کارروائیوں کے علاوہ ایسے منظم اور پیشگی اقدامات بھی ضروری ہیں جن کی بدولت ان عوامل پر قابو پایا جا سکے جو لوگوں کو دہشت گرد گروہوں کی طرف راغب کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

یہ اقدامات متشدد انتہاپسندی کی روک تھام کے لیے 2016 میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے شروع کردہ منصوبے سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔ 

متشدد نظریات کا تیزرفتار پھیلاؤ 

انہوں نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لیے سالہا سال سے کی جانے والی کوششوں کے باوجود متشدد انتہاپسند عدم استحکام اور تنازعات سے بدستور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایسے عناصر اعتماد کو کمزور کرتے، تقسیم کو ہوا دیتے، معاشروں کی سماجی ساخت کو تباہ کرتے اور امن، انصاف و انسانی وقار کے لیے اقوام متحدہ کی اقدار کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ 

ولادیمیر وورنکوو نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے متشدد نظریات کو مزید بڑے پیمانے پر اور تیزرفتار سے پھیلانے کا عالمگیر پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ اس پییچدہ مسئلے سے نمٹنا اقوام متحدہ کا بنیادی کام ہے جو ایسے اقدامات کا تقاضا کرتا ہے جن سے یہ مسئلہ مزید پھیلنے کے بجائے حل ہو سکے۔