انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان اور ایران تحمل سے کام لیتے ہوئے کشیدگی سے بچیں، گوتیرش

سیکرٹری جنرل نے واضح کیا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے مابین سلامتی سے متعلق تمام مسائل کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے پُرامن انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔
UN Photo/Loey Felipe
سیکرٹری جنرل نے واضح کیا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے مابین سلامتی سے متعلق تمام مسائل کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے پُرامن انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔

پاکستان اور ایران تحمل سے کام لیتے ہوئے کشیدگی سے بچیں، گوتیرش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایران اور پاکستان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف فضائی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر تحمل سے کام لینے اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے زور دیا ہے۔

بدھ کو ایران کی جانب سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے جنوب مغرب میں ’سنی دہشت گردوں‘ کے مبینہ تربیتی کیمپوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ایران کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ان دہشت گردوں کی جانب سے تخریب کاری کے منصوبے کو پیشگی ناکام بنانا تھا۔

Tweet URL

ایران کی جانب سے یہ کارروائی 3 جنوری کو ملک کےجنوب مشرقی شہر کرمان میں داعش کے خودکش بم حملوں کے بعد کی گئی ہے جن میں 80 سے زیادہ لوگوں کی ہلاکت ہوئی۔ 

پاکستان کے 'جوابی حملے'

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق، جمعرات کو ان کے ملک نے بھی ایران کی سرحدی حدود میں 'دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر نپے تلے حملے' کیے۔

ایران کے حکام نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں ایک خاتون اور بچوں سمیت نو افراد ہلاک ہوئے جن میں کوئی بھی ایران کا شہری نہیں تھا۔ 

ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں پاکستان کے حملوں کو 'غیرمتوازن اور ناقابل قبول' قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ دشمنوں کو دونوں ممالک کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دےگا۔ 

اس سے پہلے ایران نے عراق کی حدود میں بھی دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملے کیے تھے۔

مسائل کے پُرامن حل کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہیں دونوں ممالک کے مابین حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔ 

انہوں نے پاکستان اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تناؤ میں اضافے کو روکنے کے اقدامات کریں۔ 

سیکرٹری جنرل نے واضح کیا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے مابین سلامتی سے متعلق تمام مسائل کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے پُرامن انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔ اس ضمن میں ایک دوسرے کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور ہمسائیگی کے اچھے تعلق کا احترام کرنا ضروری ہے۔