انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان: عمران خان کی گرفتاری کے بعد جاری تشدد سے اجتناب کی اپیل

عمران خان 2018 سے 2022 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے اور اس دوران وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس میں شریک بھی ہوئے تھے۔
UN Photo/Cia Pak
عمران خان 2018 سے 2022 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے اور اس دوران وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس میں شریک بھی ہوئے تھے۔

پاکستان: عمران خان کی گرفتاری کے بعد جاری تشدد سے اجتناب کی اپیل

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی منگل کو گرفتاری کے بعد پاکستان کے مختلف حصوں میں جاری تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

عمران خان کو گزشتہ روز مبینہ بدعنوانی کے ایک مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو جب انہیں پولیس لائنز میں عارضی طور پر قائم کی گئی ایک عدالت میں پیش کیا گیا تو انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد احتجاج کی لہر کی وجہ سے عدالت کو اپنا کام پولیس لائنز میں کرنا پڑا ہے۔

کئی مقدمات کا سامنا

تقریباً چار سال تک ملک کے وزیراعظم رہنے والے سابق مایہ ناز کرکٹر عمران خان کو بدعنوانی سمیت مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کے قومی احتساب بیورو کی طرف سے جاری کردہ وارنٹ کے تحت جب ان کی گرفتاری عمل میں آئی تو وہ اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو دوسرے مقدمات میں پیشی کے لیے آئے ہوئے تھے۔

عمران خان پر لاکھوں ڈالر مالیت کے بطور وزیراعظم وصول کیے گئے سرکاری تحائف فروخت کرنے کا الزام بھی ہے۔ وہ ان الزامات کی بھی تردید کرتے ہیں۔

اگرعمران خان پر بدعنوانی کے الزامات ثابت ہوتے ہیں تو انہیں آئندہ انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔

گرفتاری پر احتجاج

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کے حامیوں اور مداحوں نے ملک بھر خاص طور پر پنجاب اور خیبر پختونخواہ صوبوں میں احتجاج شروع کر دیا تھا، جس کے دوران سرکاری عمارتوں، گاڑیوں اور تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات روایتی اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں۔

خبروں کے مطابق جوابی کارروائی میں حکام نے ملک بھر سینکڑون افراد کو گرفتار کیا ہے۔

اس دوران موبائل انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا تک رسائی معطل ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔

تشدد سے باز رہنے کی تلقین

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گہا ہے کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے پاکستان کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے لوگوں کے پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ تمام فریقین کو تشدد سے پرہیز کرنے کا بھی کہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے حکام پر زور دیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کارروائی میں قواعد و ضوابط اور قانون کی حکمرانی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔