انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این چیف کی جمہوریہ وسطی افریقہ میں امن سپاہی کی ہلاکت کی مذمت

اقوام متحدہ کے امن دستے جمہوریہ وسطی افریقہ کے مغرب میں واقع علاقے بوار میں گشت کر رہے ہیں۔
MINUSCA
اقوام متحدہ کے امن دستے جمہوریہ وسطی افریقہ کے مغرب میں واقع علاقے بوار میں گشت کر رہے ہیں۔

یو این چیف کی جمہوریہ وسطی افریقہ میں امن سپاہی کی ہلاکت کی مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے وسطی جمہوریہ افریقہ میں امن و امان کی صورت حال کو مستحکم بنانے کے مشن (مینوسکا) میں خدمات انجام دینے والے کیمرون کے اہلکار کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

یہ واقعہ شمالی صوبے پاؤا کے علاقے بنڈالی میں اس وقت پیش آیا جب امن اہلکاروں (بلیو ہیلمٹس) کی گاڑی دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی۔ اس حملے میں پانچ اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کے مطابق سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ہلاک ہونے والے اہلکار کے خاندان اور کیمرون کی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری صحت یابی کی خواہش کی ہے۔

'مینوسکا' کی سربراہ ویلنٹینا روگوابیزا نے بھی سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اس حملے کی سختی سے مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا دھماکہ خیز مواد شہریوں کے تحفظ، امن و امان کے خراب حالات کا سامنا کرنے والے علاقوں میں انسانی امداد کی فراہمی اور لوگوں کی سرگرمیوں کو لاحق مہلک ترین خطرات میں سے ایک ہے۔

ممکنہ جنگی جرم

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یاد دلایا ہےکہ ادارے کے امن اہلکاروں کے خلاف ایسے حملے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے مترادف ہو سکتے ہیں۔ 

انہوں نے وسطی جمہوریہ افریقہ کے حکام سے کہا ہے کہ وہ اس حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی اور فوری انصاف یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ 

سیکرٹری جنرل نے ملک کے لوگوں اور حکومت کے ساتھ اقوام متحدہ کی یکجہتی کا اعادہ بھی کیا ہے۔