انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین جنگ: ہلاکتوں اور شہری املاک کے نقصانات میں اضافہ

مشرقی یوکرین کا ایک شہر حالیہ میزائل حملوں کے بعد۔
© Proliska
مشرقی یوکرین کا ایک شہر حالیہ میزائل حملوں کے بعد۔

یوکرین جنگ: ہلاکتوں اور شہری املاک کے نقصانات میں اضافہ

انسانی حقوق

حالیہ ہفتوں میں یوکرین پر روس کے حملوں میں شدت آنے سے شہریوں کے نقصان میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 29 دسمبر اور 8 جنوری کے درمیان ڈرون اور میزائل حملوں میں سیکڑوں لوگ ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔

یوکرین میں انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے نگران مشن (ایچ آر ایم ایم یو) نے ایک نئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ مہینے ملک بھر میں کیے جانے والے ڈرون اور میزائل حملوں میں 592 افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

Tweet URL

تشویشناک حالات

مشن کی سربراہ ڈینیل بیل کا کہنا ہے کہ 2023 میں یوکرین کی جنگ میں شہریوں کے نقصان میں متواتر کمی آ رہی تھی۔ لیکن دسمبر کے اواخر اور جنوری کے اوائل میں یہ نقصان تیزی سے بڑھ گیا ہے۔

'ایچ آر ایم ایم یو' کے مطابق نومبر میں شہریوں کے نقصان میں 26.5 فیصد تک تشویش ناک اضافہ دیکھا گیا۔ دسمبر میں بھی یہی صورت حال برقرار رہی جب 86 شہری ہلاک اور 416 زخمی ہوئے۔ تاہم حقیقی نقصان اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے کیونکہ بہت سے واقعات میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں تاحال مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہو سکیں۔

گنجان آباد علاقوں پر حملے

'ایچ آر ایم ایم یو' نے انسانی نقصان کے حوالے سے 6 جنوری کو مشرقی علاقے میں محاذ جنگ کے قریب پوکرووسک اور رائیون نامی دیہات پر میزائل حملوں کی مثال دی ہے۔ ان حملوں میں پانچ بچوں سمیت گیارہ افراد پر مشتمل دو خاندان ہلاک ہو گئے۔ متاثرین کی تلاش کے لیے تباہ شدہ گھروں کا ملبہ ہٹانے کے لیے کئی روز سے جاری کوششوں کے باوجود بعض لاشیں تاحال نہیں نکالی جا سکیں۔ 

اس سے دو روز کے بعد مشرقی علاقے میں ہی نووموسکووسک نامی قصبے میں کیے جانے والے ایک حملے میں 31 شہری زخمی ہوئے ۔ ان میں آٹھ افراد ایک بس میں سوار تھے جو اس حملے میں تباہ ہو گئی۔ 

حملوں کی حالیہ لہر 29 دسمبر کو شروع ہوئی جب روس کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرون طیاروں نے یوکرین بھر کے شہروں اور قصبات کو نشانہ بنایا۔ شدید ترین حملے اور شہریوں کا سب سے زیادہ نقصان 29 دسمبر اور 2 جنوری کو ہوا۔ 

انسانی امداد کی اپیل

یوکرین میں بڑے پیمانے پر روس کے حملے کو آئندہ ماہ دو برس مکمل ہو جائیں گے۔ اس جنگ میں ایک کروڑ 46 لاکھ افراد یا ملک کی 40 فیصد آبادی کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔   

40 لاکھ سے زیادہ لوگ اندرون ملک بے گھر ہیں اور 63 لاکھ نے ہمسایہ ممالک میں پناہ لے رکھی ہے۔ اقوام متحدہ نے رواں سال یوکرین کے لوگوں کے لیے 4.2 ارب ڈالر امداد مہیا کرنے کی اپیل کی ہے۔