انسانی کہانیاں عالمی تناظر

2024 کو امید اور اعتماد کی بحالی کا سال بنائیں، گوتیرش

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش۔
UN Photo/Mark Garten
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش۔

2024 کو امید اور اعتماد کی بحالی کا سال بنائیں، گوتیرش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے 2024 کو اعتماد اور امید کی بحالی کا سال بنانے کے لیے عالمگیر اتحاد پر زور دیا ہے۔

نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ 2023 بے پایاں تکالیف، تشدد اور موسمیاتی ابتری کا سال رہا۔ 2024 میں ہر ایسے کام کے لیے اعتماد اور امید کی بحالی کا عہد کرنا چاہیے جسے دنیا کے لوگ متحد ہو کر پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں۔ جب تمام لوگ متحد ہوں گے تو اس سے انسانیت تقویت پائے گی۔

Tweet URL

انسانیت کی تکلیف، کرہ ارض کو خطرہ

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ دنیا تنازعات کا شکار ہے جن میں بہت سی خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کی زندگیاں ختم ہو رہی ہیں۔ لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی اور بھوک و بیماریوں کے خطرات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ آج انسانیت اور کرہ ارض کو خطرہ لاحق ہے۔ 

زمین پر درجہ حرارت ریکارڈ بلندیوں کو چھو رہا ہے اور موسمیاتی تبدیلی تباہ کن اثرات مرتب کر رہی ہے۔ 

2023 اب تک کا گرم ترین سال تھا۔ لوگ بڑھتی ہوئی غربت اور بھوک کے بوجھ تلے دبے ہیں۔ جنگوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 

اتحاد کی ضرورت

سیکرٹری جنرل نے دنیا میں اعتماد کی کمی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی اور ہتھیار تاننے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ 

انسانیت اس وقت مضبوطی پاتی ہے جب تمام لوگ متحد ہوتے ہیں۔ سبھی کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مسائل کے مشترکہ حل کی خاطر اکٹھے ہونا ہو گا۔ تمام انسانوں کو موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے، معاشی مواقع پیدا کرنے اور عالمی مالیاتی نطام کو منصفانہ بنانے کے لیے متحد ہونا ہے۔

انہوں نے ممالک اور معاشروں کے تعلقات میں زہر گھولتی تفریق اور نفرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت جیسی نئی ٹیکنالوجی کو اچھائی کی طاقت بنانا ہو گا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ دنیا کو امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے لیے متحد کرنے کا کام جاری رکھے گا۔