انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مقامی قیادت کی مدد سے ایڈز کو شکست دینا ممکن، گوتیرش

یوکرین میں ایک ڈاکٹر بچوں کا ایچ آئی وی کے لیے معائنہ کر رہی ہیں۔
© World Bank/Yuri Mechitov
یوکرین میں ایک ڈاکٹر بچوں کا ایچ آئی وی کے لیے معائنہ کر رہی ہیں۔

مقامی قیادت کی مدد سے ایڈز کو شکست دینا ممکن، گوتیرش

صحت

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ 2030 تک ایڈز کا صحت عامہ کے لیے خطرے کی حیثیت سے  خاتمہ ممکن ہے۔ تاہم اس مقصد کے لیے ایڈز کے خلاف اقدامات میں مقامی سطح پر قائدانہ کردار کو فروغ دینا ہو گا۔

ایڈز کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اس بیماری کے خاتمے کا راستہ مقامی لوگوں میں سے ہو کر گزرتا ہے۔ اس کا مطلب علاج، خدمات اور مدد کے لیے لوگوں کے باہمی ربط اور نچلی سطح پر ایڈز کے خلاف سرگرمی کو بڑھانا ہے تاکہ تمام لوگ صحت کے لیے اپنا حق لے سکیں۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے زیراہتمام ایڈز کے خلاف عالمی دن ہر سال یکم دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ 

ہر منٹ میں ایک موت

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ یہ عالمی دن ایسے موقع پر آیا ہے جب ایڈز سے متعلقہ اموات میں 70 فیصد تک کمی آ چکی ہے جو 2004 میں عروج پر تھیں۔ اسی طرح ایچ آئی وی کے نئے مریضوں کی تعداد بھی 1980 کی دہائی کے بعد کم ترین سطح پر ہے۔ 

تاہم اب بھی ایڈز ہر منٹ میں ایک جان لے لیتا ہے۔اس بیماری کو مکمل شکست دینے کی جدوجہد میں کامیابی کے لیے ایڈز کے خلاف اگلی صفوں میں کام کرنے والوں کے ساتھ تعاون کرنا بہت ضروری ہے۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ایڈز پر قابو پانے کے لیے مقامی سطح پر لوگوں کو اس کے خلاف منصوبوں، پروگراموں، مالی وسائل کی فراہمی کے اقدامات اور نگرانی کی کوششوں میں مرکزی اہمیت دینا ہو گی۔ 

اس سلسلے میں مقامی قیادت کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنا اور سول سوسائٹی کے مقامی گروہوں کے لیے یقینی گنجائش پیدا کرنا بھی لازم ہے تاکہ وہ اپنے کام کو آگے بڑھا سکیں۔ 

سالانہ 8 ارب ڈالر کی ضرورت

سیکرٹری جنرل نےکہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس مقصد کے لیے مالی وسائل درکار ہیں۔ کم اور متوسط درجے کی آمدنی والے ممالک میں ایڈز کے خلاف اقدامات کے لیے ہر سال مزید آٹھ ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں ایچ آئی وی سے متاثرہ لوگوں کے زیرقیادت مقامی سطح کے پروگراموں کے لیے مالی وسائل میں اضافہ بھی کیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ مقامی لوگوں کی قیادت میں ایچ آئی وی/ایڈز کی روک تھام کے اقدامات کے لیے مالی تعاون کو بھی بڑھانا ہو گا۔ 

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ایڈز کو شکست دینا ممکن ہے، 'آئیے مقامی سطح پر لوگوں کو مدد دے کر ان کے قرب و جوار، ان کے ممالک اور دنیا بھر میں اس لعنت کا خاتمہ کریں'۔