انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پاکستان سے افغانستان واپس آنے والے مہاجرین کو بھوک اور سردی کا سامنا

پاکستان میں پناہ لیے ہوئے افغان مہاجرین وطن واپس جانے پر مجبور ہیں۔
Asim Khan
پاکستان میں پناہ لیے ہوئے افغان مہاجرین وطن واپس جانے پر مجبور ہیں۔

پاکستان سے افغانستان واپس آنے والے مہاجرین کو بھوک اور سردی کا سامنا

مہاجرین اور پناہ گزین

اقوام متحدہ کے عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے کہا ہے کہ پاکستان سے ملک بدر کیے جانے والے افغان خاندانوں کو ہنگامی مدد کی فراہمی مالی وسائل کی قلت کے باعث غیریقینی کا شکار ہے۔

ادارہ پاکستان چھوڑنے والے افغان شہریوں کو سرحد پر ضروری مدد دے رہا ہے۔ اس میں تمام خاندانوں کو مقوی بسکٹ سمیت خوراک کی فراہمی کے علاوہ ضروری اشیا کی خریداری کے لیے نقد رقم بھی مہیا کی جا رہی ہے۔

Tweet URL

رواں ماہ ادارہ کی طرف سے ایسے ڈھائی لاکھ لوگوں کو مدد فراہم کی جا چکی ہے۔

وسائل کے مسائل

افغانستان کے لیے 'ڈبلیو ایف پی' کی ڈائریکٹر سیاؤ وی لی نے کہا ہے کہ ملک کے لیے ادارے کے امدادی پروگرام کو پہلے ہی مالی وسائل کی قلت کا سامنا ہے۔ مزید وسائل مہیا نہ کیے گئے تو سرحد پر سے آنے والے لوگوں کو مدد کی فراہمی ممکن نہیں رہے گی۔ افغانستان واپس آنے والے بیشتر خاندان بھوک اور مایوسی کا شکار ہیں جنہیں ہنگامی طور پر امداد کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ خاندان بہت مشکل وقت میں واپس آئے ہیں۔ انہیں ملک میں اپنا مستقبل تاریک دکھائی دیتا ہے جہاں ایک تہائی آبادی یہ نہیں جانتی کہ اسے اگلا کھانا کہاں سے ملے گا۔ پاکستان سے آنے والے افغان اپنے گھر اور روزگار چھوڑ کر آ رہے ہیں۔ انہیں ایسے ملک میں نئی زندگی شروع کرنا ہے جہاں بہت کم معاشی مواقع دستیاب ہیں اور بہت سے لوگوں کو اپنی بقا کے لیے کڑی جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ 

دہری مشکلات 

رواں سال مالی وسائل میں بڑے پیمانے پر کمی کے باعث ادارے کو افغانستان میں ایک کروڑ لوگوں کی ہنگامی غذائی مدد بند کرنا پڑی تھی اب ادارہ ایسے 20 فیصد ضرورت مند لوگوں کو ہی مدد دے سکتا ہے۔

سیاؤ وی لی نے کہا کہ چند ہفتوں کے بعد افغانستان میں سخت سردی کا موسم شروع ہو جائے گا جبکہ ملک تاحال تباہ کن زلزلوں کے اثرات سے بحال نہیں ہوا۔ معاشی بدحالی اور بدترین صورت اختیار کرتے موسمیاتی بحران نے مشکلات میں اور بھی اضافہ کر دیا ہے۔ 

'ڈبلیو ایف پی' پاکستان سے واپس آنے والے افغانوں کو دو ہفتوں کی خوراک یا اس کے مساوی نقد رقم اور چھوٹے بچوں، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو غذائیت کے لیے مدد مہیا کر رہا ہے۔