انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف کے لیے پانچ ججوں کا انتخاب

ہیگ کے ’امن محل‘ میں واقع عالمی عدالت انصاف کی کارروائی کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔
UN Photo/ICJ-CIJ/Frank van Beek
ہیگ کے ’امن محل‘ میں واقع عالمی عدالت انصاف کی کارروائی کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔

اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف کے لیے پانچ ججوں کا انتخاب

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل نے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے لیے پانچ ججوں کا انتخاب کیا ہے جو آئندہ نو سال تک فرائض انجام دیں گے۔

نومنتخب ججوں میں چار پہلی مرتبہ عدالت کا حصہ بنے ہیں جبکہ ایک جج کو متواتر دوسری مدت کے لیے منتخب کیا گیا۔ روس سے تعلق رکھنے والے موجودہ جج کیرل گیورگن دوسری مدت کے لیے منتخب ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

Tweet URL

موجودہ جج ہلیری چارلس ورتھ دوبارہ منتخب ہو گئی ہیں جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔ یہ انتخاب اقوام متحدہ کے دونوں اداروں میں خفیہ ووٹ کے ذریعے متوازی اور آزادانہ رائے شماری سے ہوا۔

چار نئے ججوں میں بوگڈان لوسین آرسکو (رومانیہ)، سارا ہل کلیولینڈ (امریکہ)، خوآن مینوئل گومز روبلیڈو ورڈوزکو (میکسیکو) اور ڈائر ٹالڈی (جنوبی افریقہ) شامل ہیں۔ ان کے عہدے کی مدت آئندہ برس 6 فروری سے شروع ہو گی۔

غیرمنتخب امیدوار

جنرل اسمبلی رائے شماری کے پہلے دور میں ووٹنگ کے ایک پیچیدہ عمل کے ذریعے فیصلہ کن نتیجے پر پہنچی جبکہ سلامتی کونسل میں رائے شماری کے پانچ دور ہوئے۔

جو امیدوار منتخب نہیں ہو سکے ان میں چالوکا بیانی (زیمبیا)، احمد امین فتح اللہ (مصر)، کیرل گیورگن (روس) اور انتوئن کیسا بی مینڈو (جمہوریہ کانگو) شامل ہیں۔ 

انتخاب کا طریقہ کار

ججوں یا آئی سی جے کے ارکان کا انتخاب اس عدالت کے آئین، جنرل اسمبلی کے قواعد اور سلامتی کونسل کے عبوری قواعد کی مطابقت سے ہوتا ہے۔ 

عدالت کا جج منتخب ہونے کے لیے جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں بالترتیب 97 اور 8 ووٹوں کی خالص اکثریت حاصل کرنا ہوتی ہے۔

عالمی عدالت انصاف

یہ عدالت 15 ججوں پر مشتمل ہے۔ ان میں پانچ کا انتخاب ہر تین سال کے بعد ہوتا جن کے متواتر منتخب ہونے پر کوئی پابندی نہیں۔

ججوں کو ان کی قومیت کے بجائے اہلیت کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے تاہم کسی ملک سے دو جج نہیں ہو سکتے۔ عدالت کی ترکیب میں توازن یقین بنانے کی بھی کوشش کی جاتی ہے۔

عالمی عدالت انصاف کا قیام 1945 میں عمل میں آیا اور یہ نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں کام کرتی ہے۔ غیررسمی طور پر اسے 'عالمی عدالت' بھی کہا جاتا ہے۔

یہ عدالت ممالک کے مابین قانونی تنازعات طے کراتی ہے اور ایسے قانونی سوالات پر اپنی رائے دیتی ہے جو اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کی جانب سے اسے بھیجے گئے ہوں۔