انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جنگ اور تشدد سے دنیا میں 11 کروڑ 40 لاکھ افراد دربدر

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ یو این ایچ سی آر بنگلہ دیش میں معذور روہنگیا پناہ گزینوں کی مدد بھی کر رہا ہے۔
© UNHCR/Saikat Mojumder
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ یو این ایچ سی آر بنگلہ دیش میں معذور روہنگیا پناہ گزینوں کی مدد بھی کر رہا ہے۔

جنگ اور تشدد سے دنیا میں 11 کروڑ 40 لاکھ افراد دربدر

مہاجرین اور پناہ گزین

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ایچ سی آر' نے بتایا ہے کہ رواں سال کے پہلے نو مہینوں میں جنگوں، مظالم اور حقوق کی پامالیوں کے باعث 114 ملین لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

جون 2023 تک دنیا بھر میں 110 ملین لوگوں نے نقل مکانی کی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.6 ملین زیادہ بڑی تعداد ہے۔

Tweet URL

جون اور اختتام ستمبر کے درمیانی عرصہ میں اندازاً مزید چار ملین لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا جس کے بعد یہ تعداد 114 ملین تک جا پہنچی ہے۔

یوکرین کی جنگ اور سوڈان، جمہوریہ کانگو اور میانمار میں لڑائیوں، صومالیہ میں خشک سالی، سیلاب، عدم تحفظ اور افغانستان میں طویل انسانی بحران 2023 میں نقل مکانی کے بڑے محرکات ہیں۔ 

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلتے اور بڑھتے ہوئے بہت سے تنازعات سے معصوم جانوں کا نقصان ہو رہا ہے اور لوگ ہجرت پر مجبور ہو رہے ہیں۔

عالمی برادری کی ناکامیاں 

'یو این ایچ سی آر' کی رپورٹ میں ستمبر 2023 تک کے حالات بیان کیے گئے ہیں اور یہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والے اسرائیل۔فلسطین تنازع کا احاطہ نہیں کرتی۔اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کم اور متوسط آمدنی والے ممالک پر عالمی تحفظ کے ضرورت مند لوگوں کی تین چوتھائی تعداد کا بوجھ ہے۔ 

فلیپو گرینڈی نے کہا کہ تنازعات کو حل کرنے یا نئے تنازعات روکنے میں عالمی برادری کی ناکامی بے گھری اور مصائب کو جنم دے رہی ہے۔ تنازعات کا خاتمہ کرنے اور پناہ گزینوں اور دیگر بے گھر لوگوں کی واپسی یا انہیں زندگیوں کی دوبارہ شروعات میں مدد دینے کے لیے دنیا کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔

بہت بڑے مسائل کے باوجود ہائی کمشنر گرینڈی نے اس مسئلے سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ غزہ، سوڈان اور دیگر علاقوں کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں امن اور پناہ گزینوں و دیگر بے گھر لوگوں کے مسائل حل ہونے کے امکانات بظاہر بہت کم ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے کوششیں ترک نہیں کی جا سکتیں۔ اقوام متحدہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر پناہ گزینوں کے مسائل کے حل ڈھونڈنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ 

پناہ گزینوں کا عالمی فورم 

یہ رپورٹ پناہ گزینوں کے دوسرے عالمی فورم سے قبل جاری کی گئی ہے جو رواں سال 13 تا 15 دسمبر جینیوا میں منعقد ہونا ہے۔

اپنی نوعیت کے اس سب سے بڑے فورم میں حکومتیں، پناہ گزین، مقامی حکام، بین الاقوامی ادارے، سول سوسائٹی اور نجی شعبہ پناہ گزینوں اور نقل مکانی پر مجبور ہونے والے لوگوں کے بارے میں بات چیت کریں گے۔