انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اسرائیل فلسطین: یو این چیف کا فائربندی اور امداد غزہ جانے دینے کا مطالبہ

غزہ کے جنوبی حصہ میں اقوام متحدہ نے نقل مکانی پر مجبور افراد کے لیے بستر بھجوائے ہیں۔
© UNRWA
غزہ کے جنوبی حصہ میں اقوام متحدہ نے نقل مکانی پر مجبور افراد کے لیے بستر بھجوائے ہیں۔

اسرائیل فلسطین: یو این چیف کا فائربندی اور امداد غزہ جانے دینے کا مطالبہ

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غیرمعمولی انسانی مصائب میں کمی لانے کے لیے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کے لیے زور دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس تنازعہ میں بہت سی زندگیاں اور پورے خطے کا مقدر داؤ پر لگے ہیں۔

Tweet URL

بیجنگ میں بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں حماس سے یرغمالیوں کی فوری رہائی اور اسرائیل سے غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی کی اپیل پر عملدرآمد کے لیے خاطرخواہ وقت اور گنجائش میسر آئے گی۔ سیکرٹری جنرل نے اس ہفتے کے آغاز میں فریقین سے یہ مطالبات کیے تھے۔ 

خطہ تباہی کے دھانے پر: سیکرٹری جنرل کا انتباہ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ شہر کے الاہلی ہسپتال پر کیے گئے حملے کی کڑی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہسپتالوں اور طبی اہلکاروں کو بین الاقوامی قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 

غزہ کے حکام اسرائیل کی فوج کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے کہا ہےکہ ہسپتال میں تباہی اسلامک جہاد کے جنگجوؤں کے ناکام راکٹ حملے کے نتیجے میں ہوئی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بدھ کی صبح اس بحران پر بات چیت کرے گی جبکہ ہسپتال میں اس ہولناک دھماکے کےبعد سفارتی تناؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ 

انتونیو گوتیرش نے واضح کیا کہ غزہ کے لوگوں کی بنیادی ترین ضروریات پوری کرنے کے لیے امداد کی اشد ضرورت ہے جن کی بڑی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن اسرائیل پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی حمایت کا وعدہ کیا اور کہا کہ انہیں غزہ شہر کے ہسپتال میں مہلک دھماکے پر شدید دکھ ہے۔ 

سرحد پر منتظر امداد 

غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کی متواتر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ امدادی امور کے لیے ادارے کے رابطہ کار مارٹن گرفتھس قاہرہ میں موجود ہیں جہاں وہ جمعرات کو سیکرٹری جنرل گوتیرش کے ساتھ مصر کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں کی قطاریں غزہ اور مصر کے مابین رفح کے سرحدی راستے پر موجود ہیں۔ اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے بدھ کو سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں افسوس کا اظہار کیا کہ ادارے کا بھیجا امدادی سامان چار روز سے سرحد پر ہی پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طبی امداد کے غزہ پہنچنے میں ہونے والی ہر لمحے کی تاخیر جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔

مارٹن گرفتھس نے بدھ کو ایکس پر کہا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو امداد کی فراہمی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔ انہوں نے پائیدار، بلا رکاوٹ اور قابل بھروسہ طور سے اس امداد کی ترسیل کو لازمی انسانی ضرورت قرار دیا ہے۔ 

غزہ میں خوراک، پانی اور ضروری ادویات و طبی سامان تیزی سے ختم ہو رہا ہے جہاں اس تنازع سے اب تک ایک چوتھائی سے زیادہ آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ علاقے میں قائم 35 ہسپتالوں میں سے چار کام نہیں کر رہے جنہیں حملوں میں شدید نقصان پہنچا ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے 'انرا' کے زیراہتمام چلائے جانے والے 22 بنیادی مراکز صحت میں سے بھی صرف آٹھ فعال ہیں۔