حماس یرغمالی رہا کرے اور اسرائیل غزہ میں امداد جانے دے: گوتیرش
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے حماس سے اسرائیلی یرغمالیوں کی غیرمشروط اور فوری رہائی اور اسرائیل سے امدادی سامان اور کارکنوں کو غزہ میں بلاتاخیر رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے علاقے کی صورتحال کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں مطالبات جائز ہیں جنہیں سودے بازی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے متحارب فریقین سے یہ بات کہنا ان کا فرض ہے۔
امدادی سامان ترسیل کا منتظر
انہوں نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ نے مصر، اردن، مغربی کنارے اور اسرائیل میں غزہ کے لیے خوراک، پانی، غیرغذائی اشیا، طبی سازوسامان اور ایندھن جمع کر رکھا ہے۔ یہ امدادی سامان چند ہی گھنٹوں میں غزہ پہنچایا جا سکتا ہے اور اس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ادارے کا بے لوث عملہ غیر سرکاری اداروں کے ساتھ علاقے میں موجود ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ سے پانی، بجلی اور دیگر ضروری سامان ختم ہو رہا ہے اور ان حالات میں انسانی امداد کو محفوظ طور سے اور کسی رکاوٹ کے بغیر غزہ بھر میں پہنچانے کی ضرورت ہے۔
غزہ میں تیزی سے شدت اختیار کرتے انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے اقوام متحدہ کے متعدد ادارے مصر کے ساتھ سرحد پر خوراک اور طبی سازوسامان سمیت تحفظ زندگی میں مددگار اشیا روانگی کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
تاہم امداد کی موثر طور سے فراہمی کے لیے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سرحد کھولے جانا بہت ضروری ہے۔
غزہ کی تباہی کا راستہ: ہیسٹنگز
مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اقوام متحدہ کی نمائندہ اور امدادی رابطہ کار لین ہیسٹنگز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے انسانی امداد کو یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط کر رکھا ہے جنہیں حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر اپنے حملے کے دوران اغوا کیا تھا۔
یو این نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ حماس کو تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ جس راستے پر چل رہے ہیں وہ پورے غزہ کی تباہی کا راستہ ہے۔
حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے لوگوں کی غیرمشروط اور فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں امداد کی غیرمشروط اور فوری رسائی کے لیے بھی زور دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اندازے کے مطابق اگر کل تک نہیں تو منگل تک وہاں پانی بالکل ختم ہو جائے گا۔ اگر عالمی برادری نے یہ سب کچھ ہونےدیا تو یہ انسانیت کا نقصان ہو گا۔
غیر انسانی صورتحال
لین ہیسٹنگز نے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے وہ غیرانسانی ہے۔ دنیا اس امداد کو پہنچانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرے جو اس وقت غزہ کے دروازے پر پڑی ہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ ایسے موقع پر کیا ہے جب اسرائیل اور حماس کے مابین حالیہ تنازع 10ویں روز میں داخل ہو گیا ہے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے 11 لاکھ شہریوں کو شمالی علاقہ چھوڑنے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن گزشتہ روز ختم ہو چکی ہے۔
غزہ کے شہریوں کو یہ احکامات اسرائیل کی زمینی فوج کی جانب سے علاقے میں بڑی پیش قدمی سے قبل دیے گئے ہیں۔