انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افغانستان میں زلزلے سے کم از کم سو افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

زلزلے سے ہرات کے آٹھ دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں (فائل فوٹو)۔
IOM/Léo Torréton
زلزلے سے ہرات کے آٹھ دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں (فائل فوٹو)۔

افغانستان میں زلزلے سے کم از کم سو افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

انسانی امداد

افغانستان میں ہرات کے مقام پر ہفتے کی صبح ایک بڑا زلزلہ آیا ہے جس میں کم از کم 100 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے، شراکت دار اور کابل کی ڈی فیکٹو حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔

ابتدائی جائزوں کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 ریکٹر بتائی جا رہی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے ہرات کے ہمسایہ صوبوں بادغیس اور فراہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

Tweet URL

زلزلے سے ہرات کے آٹھ دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد 100 افراد سے زیادہ بتائی جا رہی ہے، جبکہ 500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے او سی ایچ اے (اوچا)  کے مطابق زلزلے میں 465 مکانات تباہ اور 135 کو نقصان پہنچا۔

زندگی کی تلاش

امددای اداروں اور مقامی حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ اطلاعات یہ ہیں کہ کچھ لوگ منہدم عمارتوں کے ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں، جن کی تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری رہیں۔

اوچا کے اندازوں کے مطابق مجموعی طور پر 4,200 افراد یا تقریباً 600 خاندان زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 1,400 ایسے افراد شامل ہیں جو پہلے ہی عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے تھے۔

امدادی کارروائیاں

افغانستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، عالمی ادارہ برائے مہاجرت  (IOM)، عالمی ادارہ خوراک (WFP) اور دیگر امدادی اداروں نے افغان ڈی فیکٹو حکام (طالبان) کے ساتھ مشاورت کے بعد ہنگامی امداد کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ہنگامی پناہ گاہوں، خوراک، سامان اور امداد کے ساتھ ساتھ علاقائی ہسپتالوں میں طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔