انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این سکیورٹی کونسل نے مالی میں امن مشن ختم کر دیا

نائجیریا سے تعلق رکھنے والے امن سپاہی مشرقی مالی میں مینسوما کے تحت خدمات سرانجام دیتے ہوئے۔
© MINUSMA/Harandane Dicko
نائجیریا سے تعلق رکھنے والے امن سپاہی مشرقی مالی میں مینسوما کے تحت خدمات سرانجام دیتے ہوئے۔

یو این سکیورٹی کونسل نے مالی میں امن مشن ختم کر دیا

امن اور سلامتی

سلامتی کونسل نے مالی سے اقوام متحدہ کی امن فوج کے انخلا کی منظوری دے دی ہے تاہم "بلیو ہیلمٹس" کی ملک سے واپسی مکمل ہونے میں چھ ماہ لگیں گے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے 'مالی میں استحکام کے لئے اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی مربوط مشن' (مینوسما) کی مکمل واپسی کی بھرپور حمایت اور سلامتی کی ذمہ داریاں ملک کی عبوری حکومت کو منتقل کرنے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا جو 2021 میں ایک بغاوت کے بعد ملک میں برسراقتدار ہے۔ مالی میں اقوام متحدہ کا امن مشن ایک دہائی سےکام کر رہا تھا۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے مالی میں امن کارروائی اور اس کے عملے کی ستائش کرتے ہوئے عبوری حکومت سے آنے والے مہینوں میں مشن کے اہلکاروں اور اثاثوں کی منظم اور محفوظ واپسی میں تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

فرحان حق کے مطابق، انتونیو گوتیرش نے مالی میں امن و مفاہمت کے لئے 2015 میں طے پانے والے معاہدے کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مینوسما کی واپسی کے بعد جنگ بندی کو برقرار رکھیں۔ 

تاہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو اس حقیقت پر بدستور تشویش ہے کہ جنرل اسمبلی کی پانچویں کمیٹی میں بجٹ سے متعلق بات چیت کے دوران واپسی کے عمل میں سہولت دینے کے لئے درکار مالی وسائل کی فراہمی کے وعدے کی سطح اور دورانیہ بڑی حد تک محدود ہو گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سے واپسی کی کارروائی میں درپیش پیچیدگیاں اور خدشات بڑھ گئے ہیں۔ 

سیکرٹری جنرل ملک میں اقوام متحدہ کی ٹیم، مغربی افریقہ اور ساحل (یونوواس) کے لئے اقوام متحدہ کے دفتر اور دیگر  شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے لوگوں کے مفادات کے بہترین انداز میں تحفظ کے لئے عبوری حکومت کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

سلامتی کونسل کی متفقہ حمایت

منظور کردہ قرارداد کی شرائط کے مطابق مینوسما ہفتے سے مالی میں اپنے اہلکاروں کی تعداد میں کمی لانا شروع کرے گا اور یکم جنوری 2024 تک ملک سے اس کا انخلا مکمل ہو جائے گا۔

کونسل نے مشن کو اختیار دیا کہ وہ شہریوں پر تشدد کے فوری خطرات سے بزور طاقت نمٹے اور 30 ستمبر تک غیرفوجی حکام کی قیادت میں انسانی امداد کی محفوظ فراہمی میں اپنا کردار نبھائے۔ 

مینوسما کے مطابق مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی تعیناتی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے ایک سال بعد 2013 میں ہوئی تھی۔فروری 2023 تک ملک میں مشن کے اہلکاروں کی تعداد 15,000 سے زیادہ تھی۔ 

میڈیا اطلاعات کے مطابق ملک میں سلامتی کی صورتحال سنگین ہے۔ مینوسما کے مطابق گزشتہ دہائی میں مالی اور ساحل کے خِطوں میں مسلح گروہوں اور دہشت گردوں سے منسلکہ تنظیموں کی جانب سے جھڑپوں اور حملوں میں اضافہ دیکھا گیا جن میں 303 امن اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ 

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور کمیاب وسائل پر مختلف سماجی گروہوں کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگیوں کے باعث بھی حالات بگڑ گئے ہیں۔ وسائل کی یہ کمی متواتر تشدد، بڑے پیمانے پر نقل مکانی، عدم استحکام اور سرحد پار سمگلنگ کا بڑا محرک بن گئی ہے۔

مالی میں مینوسما کی ایک بکتر بند گاڑی گشت کرتے ہوئے۔
©MINUSMA / Harandane Dicko
مالی میں مینوسما کی ایک بکتر بند گاڑی گشت کرتے ہوئے۔

اقوام متحدہ کے مشن کا اہم کردار

گھانا کے سفیر ہیرالڈ ایڈلائی ایگیمین نے کونسل کے ارکان کے مشترکہ پیغام کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد ایک سنگ میل ہے اور مینوسما نے بہت سے مسائل کے ہوتے ہوئے مالی کو تحفظ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

کونسل کے بہت سے ارکان نے متفقہ طور پر کہا کہ مشن کی واپسی مالی کے لئے عالمی برادری کے عزم کا خاتمہ نہیں ہے۔ روس کی نائب سفیر اینا ایوسٹگنیوا نے کہا کہ ماسکو مالی کو مدد کی فراہمی جاری رکھے گا اور یہ دوطرفہ بنیادوں پر بھی ہو گی۔ 

سلامتی کے خدشات

سلامتی کونسل کے متعدد ارکان بشمول برطانیہ کی سفیر باربرا وڈورڈ نے انتباہ کیا کہ امن مشن ایسے وقت واپس جا رہا ہے جو ساحل خِطے کے لئے بہت نازک ہے۔ 

ان خدشات پر بات کرتے ہوئے امریکہ کے سفیر جیفری ڈیلارنٹس نے کہا کہ ملک میں مسلح کرداروں کی موجودگی جیسے مسائل سے نمٹنے کی ہر ممکن کوششیں کی جانی چاہئیں۔ ان میں روس سے تعلق رکھنے والا نجی سکیورٹی ٹھیکے دار 'ویگنر گروپ' بھی شامل ہے جس کے بارے میں میڈیا نے بتایا ہے کہ وہ مالی میں فعال ہے۔ 

انہوں ںے کہا کہ اگرچہ ہمیں عبوری حکومت کی جانب سے مینوسما کی واپسی سے متعلق لئے گئے فیصلے پر افسوس ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ اس سے مالی کے لوگوں کو نقصان ہو گا لیکن ہم نے اس لئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے کہ ہم انخلا کے لئے اپنائے گئے پروگرام سے مطمئن ہیں۔ 

مالی حکومت کا تعاون کا وعدہ 

اگرچہ مینوسما نے اپنے تمام تر اہداف حاصل نہیں کئے تاہم مالی کے سفیر عیسیٰ کونفورو نے کہا کہ مشن نے انسانی حقوق جیسے شعبوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ انخلا سے قبل مالی کی حکومت طے شدہ وقت میں مشن کے خاتمے کی شرائط پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائے گی۔ 

انہوں نے امن اہلکاروں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالی کی حکومت اپنی سرزمین پر شہریوں کو تحفظ دینے کے لئے انتھک کام کرے گی۔ 

تاہم انہوں نے آئینی نظم کی بحالی اور پائیدار امن کے حصول کے لئے 'الجزائر عمل' پر پیش رفت جیسی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کونسل اب بھی مالی کی موجودہ صورتحال کو عالمی سلامتی کے لئے خطرہ سمجھتی ہے۔