انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انسانی حقوق پر تعاون سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے: وولکر تُرک

انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک انسانی حقوق کونسل کے تریپنویں اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
© UN Human Rights/Petre Oprea
انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک انسانی حقوق کونسل کے تریپنویں اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

انسانی حقوق پر تعاون سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے: وولکر تُرک

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی نظام کے ساتھ مضبوط تعاون کے فقدان سے ممالک بے سمت ہو جاتے ہیں۔

سوموار کو انسانی حقوق کونسل کے 53ویں باقاعدہ اجلاس کے آغاز پر اپنے سالانہ جائزے میں انہوں نے کہا کہ تنازعات، موسمیاتی تباہیوں اور ترقی کے عمل میں ناکامیوں سے عبارت دنیا میں ایسا تعاون بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایران، مالی اور روس سمیت درجنوں ممالک میں انسانی حقوق سے متعلق ہنگامی صورتحال پر بھی بات کی۔

Tweet URL

انسانی حقوق کے نظام کی اہمیت مسلمہ

منگل اور بدھ کو ایک متعامل بات چیت کے دوران ممالک اور سول سوسائٹی کے اداروں کے پاس ہائی کمشنر کی باتوں پر ردعمل دینے کا موقع ہو گا۔ 

وولکر تُرک نے اپنے بیان میں انسانی حقوق کونسل کو پیش کردہ رپورٹ کے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ یہ رپورٹ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ماحولی نظام کے ساتھ رکن ممالک کے تعاون کا جائزہ لیتی ہے۔ یہ نظام 10 معاہداتی اداروں پرمشتمل ہے جن میں بذات خود کونسل، اس کا عالمگیر معیادی جائزہ عمل، تحقیقات اور خصوصی طریقہ ہائے کار اور اقوام متحدہ کا دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) شامل ہیں۔ 

ہائی کمشنر نے اس ماحولی نظام کو دنیا بھر کے لوگوں کے لئے خاص اہمیت کا حامل قرار دیا اور خبردار کیا کہ صرف مخصوص تعاون اس کی طاقت کو کمزور کر دیتا ہے۔ 

روس سے یوکرین تحقیقات میں تعاون کا مطالبہ 

وولکر تُرک نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین کی صورتحال پر کونسل کے متعین کردہ غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق کے نگرانوں کو روس کے زیرقبضہ یوکرینی علاقے اور خود روس تک رسائی ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں صرف غیرفوجی قیدیوں سے ملاقاتیں کافی نہیں بلکہ کمیشن کو جنگی قیدی، یوکرین سے تعلق رکھنے والے بچوں اور معذور افراد سے ملاقات کی بھی اجازت دی جانی چاہیے جنہیں ان علاقوں میں لے جایا گیا ہے۔

ایران: سزائے موت میں اضافہ 

ایران پر بات کرتے ہوئے وولکر تُرک نے حالیہ دنوں قیدیوں کو بڑے پیمانے پر سزائے موت دیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایسی بیشتر سزائیں منشیات سے متعلق جرائم پر دی گئیں اور یہ سزائیں پانے والوں میں اقلیتوں کی تعداد غیرمتناسب طور پر زیادہ تھی جبکہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف امتیازی سلوک بھی جاری ہے۔ 

سوڈان کا بحران 

14 جولائی تک جاری رہنے والے کونسل کے 53ویں اجلاس میں انسانی حقوق کے ماہرین کے ساتھ متعامل بات چیت کے تقریباً 30 ادوار ہوں گے جن میں موضوعاتی اور مختلف ممالک کے حوالے سے مخصوص حالات اور تحقیقاتی طریقہ ہائے کار پر بات چیت ہو گی۔

سوموار کی سہ پہر متوقع طور پر کونسل سوڈان کے بحران پر بات کرے گی جس طرح اقوام متحدہ نے مصر، جرمنی، قطر، سعودی عرب، افریقن یونین اور یورپی یونین کے ساتھ مل کر جنیوا میں امدادی وعدوں سے متعلق اعلیٰ سطحی کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔ اس کا مقصد سوڈان اور اس خطے میں امدادی کارروائیوں کے لئے مزید تعاون حاصل کرنا ہے۔ 

حقوق کی نگرانی میں مالی کا مفاد 

وولکر تُرک نے کہا کہ انسانی حقوق کو سیاست سے ماورا ہونا چاہیے۔ انہوں ںے یہ بات ایسے موقع پر کہی جب مالی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں قیام امن کے لئے کام کرنے والے اپنے مشن 'مینوسما' کو فوری طور پر واپس بلا لے۔ 

وولکر تُرک کا کہنا تھا کہ جب انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں یا پامالیاں ہوتی ہیں تو ان کا ارتکاب کرنے والوں سے قطع نظر ہمارے لئے مالی کے لوگوں کے مفاد میں ان کی نگرانی کرنا، ان کی تفصیل جمع کرنا اور ان کے بارے میں اطلاع دینا ضروری ہے، اور اس کے ساتھ ہمیں حقوق کی پامالیاں روکنے اور قومی اداروں کو مدد فراہم کرنے کے لئے بھی کام کرنا ہے۔ 

انہوں نے مالی میں اپنے دفتر کا کام جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔