انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: یو این ڈیم تباہی کے تمام متاثرین تک پہنچنے کے لیے پُر عزم

ایک بزرگ خاتون کو کاخوفکا ڈیم کے ٹوٹنے سے زیر آب آنے والے ایک علاقے سے بحفاظت نکالا جا رہا ہے۔
© Ukrainian Red Cross
ایک بزرگ خاتون کو کاخوفکا ڈیم کے ٹوٹنے سے زیر آب آنے والے ایک علاقے سے بحفاظت نکالا جا رہا ہے۔

یوکرین: یو این ڈیم تباہی کے تمام متاثرین تک پہنچنے کے لیے پُر عزم

انسانی امداد

یوکرین میں اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عہدیدار نے ملک کے وزیر خارجہ کو دوبارہ یقین دہانی کرائی ہے کہ ادارہ کاخوفکا ڈیم کے متاثرین کے ساتھ تعاون اور انہیں امداد پہنچانے کے لئے کام کر رہا ہے جس کا آغاز ڈیم ٹوٹنے کے فوری بعد ہو گیا تھا۔

یوکرین کے لئے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ اور امدادی رابطہ کار ڈینیز براؤن نے وزیر خارجہ دمتریو کولیبا کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے ادارے اور دیگر امدادی شراکت دار ڈیم ٹوٹنے اور کیرسون شہر کے قریب جنوب مشرقی علاقے میں ایک اہم پن بجلی پلانٹ منہدم ہونے سے بے گھر ہونے اور تکالیف کا سامنا کرنے والے لوگوں کو پانی، خوراک اور نقد امداد مہیا کر رہے ہیں۔

Tweet URL

امداد میں اضافہ

ڈینیز براؤن کے دفتر سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق "اس اوبلاسٹ (انتظامی علاقہ) کے حکام کی شراکت سے امدادی منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں تاکہ جب فوج محفوظ سمجھے تو جلد از جلد سیلاب سے متاثرہ وسیع تر علاقوں تک رسائی حاصل کی جا سکے کیونکہ تیزی سے پھیلتے پانی کے ذریعے بارودی سرنگیں اور اَن پھٹا گولہ بارود ایسے علاقوں میں منتقل ہو رہا ہے جنہیں پہلے اس خطرناک مواد سے پاک قرار دیا گیا تھا۔

ڈینیز براؤن نے یہ بات دمتریو کولیبا کے ساتھ ملاقات میں کہی جو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے اقوام متحدہ اور دیگر بڑے امدادی اداروں کے خلاف تنقید کے حوالے سے بڑے پیمانے پر سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد ہوئی ہے۔ یوکرین کے صدر نے کہا تھا کہ ڈیم تباہ ہونے کے بعد کئے جانے والے ابتدائی امدادی اقدامات ناکافی تھے۔

یوکرین میں اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ادارہ دریا کے دونوں کناروں پر یوکرین کے تمام ضرورت مند لوگوں تک رسائی کا عزم رکھتا ہے۔ اس ضمن میں دریائے نیپرو کا حوالہ دیا گیا ہے جو اس وقت بائیں کنارے پر قابض روسی افواج اور مخالف سمت میں یوکرین کی حکومت کے زیرانتظام علاقے کے درمیان محاذ جنگ کی حیثیت رکھتا ہے۔

امداد مہیا کرنے کی متواتر درخواستیں

اقوام متحدہ نے خاص طور پر روس کی فوج کے کمانڈروں سے رسائی اور تحفظ کی ضمانت دینے کی متواتر درخواست کی ہے جو اس وقت ان علاقوں پر قابض ہیں جو اطلاعات کے مطابق سیلاب سے بدترین انداز میں متاثر ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں نہ تو رسائی ملی ہے اور نہ ہی وہاں مدد دینے والے امدادی عملے اور لوگوں کے لئے تحفظ کی ضروری ضمانت دستیاب ہو سکی ہے۔

خیرسون سے بذریعہ ٹرین میکولوو پہنچنے والے متاثرین کو یونیسف امدادی اشیاء فراہم کر رہا ہے۔
© UNICEF
خیرسون سے بذریعہ ٹرین میکولوو پہنچنے والے متاثرین کو یونیسف امدادی اشیاء فراہم کر رہا ہے۔

ژاپوریژیا جوہری پلانٹ بارے خدشات

تباہ شدہ ڈیم کے قریب ژاپوریژیا میں یورپ کے سب سے بڑے جوہری پاور پلانٹ کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے پانی کا وسیع ذخیرہ اب دریا میں خالی  ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں جوہری توانائی کےا دارے 'آئی اے ای اے' نے کہا ہے کہ تاحال یہ خدشات موجود ہیں کہ اس ذخیرے میں پانی کی سطح اس حد تک گر سکتی ہے جب پلانٹ کے ری ایکٹروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے اس میں سے پانی کھینچا نہیں جا سکے گا۔

آئی اے ای اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیم کو ہونے والے نقصان کی مکمل تفصیل سامنے نہیں آ سکی اس لئے یہ اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے کہ یہ حادثہ کیسے اور کب پیش آیا۔

اگر پانی کے ذخیرے میں اسی شرح سے کمی ہوتی رہی تو دو روز میں اس کی سطح گر کر 12.7 میٹر تک پہنچ جائے گی جس کے بعد اس سے پانی لینا ممکن نہیں رہے گا۔