انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کولمبیا میں ’تشدد کی زبان‘ سے پرہیز امن کی کُنجی ہے: گوتیرش

کولمبیا کا علاقہ کاؤکا جو پچھلی ایک دہائی سے تصادم کی ذد میں رہا ہے۔
UN Multi-Partner Trust Fund for Sustaining Peace in Colombia
کولمبیا کا علاقہ کاؤکا جو پچھلی ایک دہائی سے تصادم کی ذد میں رہا ہے۔

کولمبیا میں ’تشدد کی زبان‘ سے پرہیز امن کی کُنجی ہے: گوتیرش

امن اور سلامتی

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کولمبیا میں اقوام متحدہ کے مشن کے بارے میں سوموار کو شائع ہونے والی اپنی تازہ ترین سہ ماہی رپورٹ میں امن معاہدے پر عملدرآمد اور بات چیت کو فروغ دینے کی اہمیت کو واضح کیا ہے۔

سرکاری حکام اور فارک۔ای پی ملیشیا گروہ کے مابین 2016 میں طے پانے والے امن معاہدے کے نتیجے میں پانچ دہائیوں سےجاری مسلح تنازع ختم ہو گیا تھا۔ یہ جنوری میں منظور کی گئی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مطابقت سے جامع دیہی اصلاحات اور نسلی مسائل کا احاطہ کرنے والی پہلی رپورٹ ہے۔

رپورٹ میں گزشتہ دسمبر سے رواں سال مارچ کے اواخر تک کے حالات کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔ انتونیو گوتیرش نے اس عرصہ کے دوران ہونے والی پیش رفت اور فریقین کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بے پایاں مسائل کے باوجود امید قائم کرنے کی بنیاد موجود ہے۔

'تشدد جاری'

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ''آج کولمبیا میں ناگزیر زمینی حقائق یہ ہیں کہ قیام امن کا دارومدار معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور اب بھی جاری تشدد کا قلع قمع کرنے کے لیے حکام کی اہلیت پر ہے۔''

اس حوالے سے سیکرٹری جنرل نے کشیدگی میں کمی لانے اور بات چیت کے ذریعے امن کی تلاش میں استقامت کا مظاہرہ کرنے کو کہا۔

انہوں ںے گزشتہ مہینے میکسیکو میں بات چیت کے دوسرے دور میں تعمیری تبادلہ خیال پر حکومت اور ای ایل این باغی گروہ کو سراہا۔

جنگ بندی کی امیدیں

ان کا کہنا تھا کہ ''مجھے یقین ہے کہ بہت جلد ہم مزید نتائج دیکھیں گے کیونکہ فریقین بات چیت کے آئندہ دور میں ایجنڈے کے اہم امور پر غور کریں گے جن میں مقامی لوگوں کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبات بھی شامل ہیں۔

جنگ بندی پر درست طور سے عملدرآمد کی صورت میں تشدد میں کمی آئے گی اور بات چیت کے نوزائیدہ عمل میں اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی جبکہ امن معاہدے پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ بھی ممکن ہو جائے گا۔

مسلح گروہ ایف اے آر سی کے سابقہ ارکان کے بچے اور رشتہ داروں نے سماج سدھار مہم کے حصے کے طور پر اب موسیقی کا ایک سکول قائم کیا ہے۔
UNVMC/Jorge Quintero
مسلح گروہ ایف اے آر سی کے سابقہ ارکان کے بچے اور رشتہ داروں نے سماج سدھار مہم کے حصے کے طور پر اب موسیقی کا ایک سکول قائم کیا ہے۔

دیہی اصلاحات اور نسلی مسائل

رپورٹ میں دیہی اصلاحات کے حوالے سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات اور کئی طرح کی اُس تاریخی عدم مساوات پر قابو پانے کے عہد کو بھی نمایاں کیا گیا ہے جو کہ کولمبیا کے تنازع کی ایک بڑی وجہ ہے۔

رپورٹ میں حکومت کے تیار کردہ قومی ترقیاتی پروگرام کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں معاہدے کے اس پہلے نکتے کے لیے بڑی مقدار میں مالی وسائل مختص کرنا اور دیہی آبادیوں اور لڑائی سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو زمین تک مزید مساوی اور وسیع رسائی دینے سے متعلق تصریحات بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں نسلی مسائل کے حوالے سے اس کی باہم تقاطع شرائط کی اہمیت کو واضح کیا گیا ہے تاکہ مقامی اور افرو۔کولمبیائی لوگوں کے تاریخی مطالبات پورے کیے جا سکیں۔ اس میں ملک کے بعض حصوں میں عدم تحفظ سمیت ایسے مسائل پر توجہ بھی دی گئی ہے جن کا بعض علاقوں کے لوگوں کو تواتر سے سامنا ہے۔

قیام امن میں خواتین کا کردار

ملک میں صنفی عدم مساوات بدستور موجود ہے اور رپورٹ میں خواتین، لڑکیوں اور ایل جی بی ٹی آئی لوگوں کو درپیش مخصوص مسائل کے بارے میں بھی بات کی گئی ہے۔ یہ مسائل قیام امن کی کوششوں میں ان کی موثر شرکت کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے قیام امن اور انصاف و مفاہمت کے لیے کولمبیا کی خواتین کے مرکزی کردار کا اعتراف بھی کیا۔

مکمل رپورٹ کولمبیا میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کارلوس روئز ماسیو جمعرات کو پیش کریں گے۔