انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یورپی یونین دنیا کی سمت درست کرنے میں مدد دے: گوتیرش

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش برسلز میں یورپی یونین کی سربراہان مملکت و حکومت کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔
© UNRIC/Miranda Alexander-Webber
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش برسلز میں یورپی یونین کی سربراہان مملکت و حکومت کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔

یورپی یونین دنیا کی سمت درست کرنے میں مدد دے: گوتیرش

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے اقدامات اور یوکرین پر روس کے حملے سے منسلک حالیہ مسائل سے نمٹنے میں تعاون حاصل کرنے کے لیے برسلز میں یورپی یونین کی کانفرنس میں شرکت کی۔

انتونیو گوتیرش نے یورپی کونسل کےصدر چارلس مائیکل کے ساتھ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یورپی یونین کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ دنیا کو پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی راہ پر واپس لانے میں مدد دیں کیونکہ دنیا کے بہت سے حصوں میں اس مقصد کے لیے ہونے والی پیش رفت کا رخ واپس پلٹ گیا ہے۔

Tweet URL

فوری اصلاحات

انہوں نے کہا کہ ''ہمیں سُرعت سے کام کرنے کے ایجنڈے کی ضرورت ہے۔''

انہوں نے مالیاتی نظام میں اصلاحات لانے اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے سے وہاں کے لوگوں کے لیے ''بہت بڑے مصائب'' جنم لے رہے ہیں جس کے ساتھ دنیا بھر کو بھی اس کے ''بہت بڑے'' اثرات کا سامنا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے آج برسلز میں یورپی کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ ایک اجلاس میں بھی شرکت کی۔

'بروقت موقع'

یورپی کونسل بیک وقت یورپی کمیشن اور یورپی یونین کی انتظامیہ کا حصہ ہے جس کے ارکان کے ساتھ بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کی تحریری روداد کے کے حوالے سے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس سے ''اہم عالمی معاملات پر تبادلہء خیال کا ایک بروقت موقع'' میسر آیا۔

انتونیو گوتیرش نے اقوام متحدہ اور مجموعی طور پر کثیرفریقی نظام کے لیے یورپی یونین کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کیا اور اپنے پیش کردہ ''ہمارے مشترکہ ایجنڈے'' کے خاکے پر عملدرآمد اور آئندہ برس ہونے والی ''مستقبل کی کانفرنس'' میں بھرپور تعاون کے لیے کہا۔

یوکرین کے معاملے میں انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر، مجموعی بین الاقوامی قانون اور جنرل اسمبلی کی قرارداد کی مطابقت سے ''منصفانہ امن'' قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان کے مطابق ''انہوں نے بحیرہ اسود کے راستے اناج کی ترسیل کے اقدام کے ذریعے عالمگیر غذائی تحفظ کو بہتر بنانےکے سلسلے میں تازہ ترین صورتحال اور روس سے خوراک اور کھادوں کی برآمدات میں سہولت دینے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جنگ زدہ علاقے سے آنے والے یوکرین کے لاکھوں مہاجرین کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر یورپی یونین کے تمام شہریوں کو سراہا۔

1.5 ڈگری کا ہدف

موسمیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انتونیو گوتیرش نے ''1.5 ڈگری کی حد کو برقرار رکھنے'' کے لیے سوموار کو جاری ہونے والی 'آئی پی سی سی' کی رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کی غرض سے تمام فریقین کی جانب سے مخصوص اقدامات کی رفتار بڑھانے کے لیے اپنے ایجنڈے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان کے مطابق ''انہوں نے اس سمت میں نمایاں قدم کے طور پر یورپی یونین کے ماحول دوست معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ اس کے علاوہ انہوں ںے ابھرتی ہوئی اور ترقی پذیر معشیتوں کو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی سے متعلق اہداف کی تکمیل اور ماحول دوست نوکریوں، موسمیاتی تبدیلی سے بہتر طور پر مطابقت اختیار کرنے، نقصان اور تباہی کے فنڈ کو عملی صورت دینے اور ہر جگہ غیرمحفوظ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کی صورت میں موسمیاتی انصاف مہیا کرنے کے لیے ان کے ساتھ مالیاتی اور تکنیکی تعاون بڑھانے کے لیے یورپی یونین کی حوصلہ افزائی کی۔''

سیکرٹری جنرل نے بہت سے ترقی پذیر ممالک کو کووڈ بحران کے نتیجے میں درپیش ''مکمل ہنگامی صورتحال'' اور یوکرین پر حملے نیز تیزرفتار موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے رہن سہن کے اخراجات کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے معاشی و مالیاتی نظام کو مزید منصفانہ بنانے کے اقدامات کی اہمیت واضح کی جن میں بینکاری اصلاحات، قرض دار ممالک کو دی جانے والی مزید موثر آسانیاں اور ایس ڈی جی کے حصول کی رفتار میں تیزی لانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔