انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اسلحہ کی شفاف تجارت میں عالمی فریم ورک اہم: ازومی ناکامٹسو

صومالیہ کے انتہا پسند گروہ ’الشباب‘ کے قبضے سے پکڑا گیا اسلحہ موگادیشو میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
UN Photo/Stuart Price
صومالیہ کے انتہا پسند گروہ ’الشباب‘ کے قبضے سے پکڑا گیا اسلحہ موگادیشو میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

اسلحہ کی شفاف تجارت میں عالمی فریم ورک اہم: ازومی ناکامٹسو

امن اور سلامتی

تحفیف اسلحہ پر اقوام متحدہ کی اعلیٰ اہلکار ازومی ناکامٹسو  نے روایتی اسلحے کی غیرقانونی تجارت کی روک تھام کے لیے ہتھیاروں اور گولہ باردود کی برآمد، دلالی، درآمد، نقل و حمل، ذخیرہ کاری اور منتقلی کو مؤثر طور پر قابو میں رکھنے کے لیے مضبوط فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ روس کی صدارت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پہلے کھُلے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ رواں ماہ میں سلامتی کونسل کی صدارت روس کے پاس ہے۔ اجلاس کے دوران کئی وفود نے اپنے خطابات میں یوکرین میں جاری جنگ کا حوالہ بھی دیا۔

Tweet URL

ازومی ناکامٹسو نے ہتھیاروں اور ان کے گولہ بارود کی غیرقانونی اور بے ضابطہ تجارت اور منتقلی کو عالمی برادری کے لیے سنگین تشویش کا باعث قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کی غیرقانونی اور بے ضابطہ منتقلی مسلح تنازعات، مسلح تشدد، دہشت گردی اور جرائم کے لیے اکساتی، انہیں بھڑکاتی اور طوالت دیتی ہے۔ ’ان سے پورے خطے غیرمستحکم ہو سکتے ہیں اور یہ عوامل انسانی حقوق کی پامالیوں اور ہتھیاروں کی تجارت اور منتقلی پر پابندیوں کی خلاف ورزی کا باعث بنتے ہیں۔‘

معاہدوں پر عملدرآمد

انہوں نے اسلحے کی غیرقانونی اور بے ضابطہ تجارت سے جڑے خدشات سے نمٹنے کے لیے ضبط اسلحہ کے بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ معاہدوں اور سمجھوتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دائرہ کار اور رکنیت میں اگرچہ فرق ہے لیکن یہ تمام ہتھیاروں کی غیرقانونی تجارت کی روک تھام کے وسیع تر اصول کی رہنمائی میں طے کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ رکن ممالک کو ان معاہدوں پر مکمل اور مؤثر طور سے عملدرامد میں مدد دیتا  ہے اور انہیں اس حوالے سے ان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا إحساس دلاتا رہتا ہے۔ ’ہتھیاروں اور گولہ باردود کی ممکنہ منتقلی سے نمٹنے کے اقدامات عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے خصوصاً تنازعات حل کرنے اور ان کی روک تھام کی کوششوں میں مدد دیتے ہیں۔‘

اسلحہ کی غیر قانونی تجارت و منتقلی کو روکنے کے لیے ازومی ناکامٹسو نے ترسیل کے وقت ممکنہ خطرات کے مکمل ادراک، معائنے، اور خریدار کی جانچ پڑتال کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے درآمد کنندہ، نقل و حرکت میں مدد دینے والے، اور برآمد کنندہ ممالک کے مابین تعاون اور معلومات کے تبادلے کی اشد ضرروت ہے۔

ازومی ناکامٹسو نے ان تمام رکن ممالک سے درخواست کی کہ جو ابھی تک اسلحے کی تجارت کے معاہدے میں شامل نہیں کہ وہ بھی اس میں شمولیت اختیار کریں۔
UN Photo/Manuel Elías
ازومی ناکامٹسو نے ان تمام رکن ممالک سے درخواست کی کہ جو ابھی تک اسلحے کی تجارت کے معاہدے میں شامل نہیں کہ وہ بھی اس میں شمولیت اختیار کریں۔

شفافیت کی اہمیت

اقوام متحدہ کی اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ اسلحے کے حوالے سے شفافیت بڑھانے اور رکن ممالک کے مابین کشیدگی، ہتھیاروں کے حوالے سے ابہام اور غلط فہمیوں کو کم کرنے میں روایتی ہتھیاروں سے متعلق اقوام متحدہ کا رجسٹر بدستور ایک اہم ذریعہ ہے جو 1992 میں قائم کیا گیا تھا۔

انہوں نے رکن ممالک سے کہا  کہ وہ ایسے سازوسامان کی برآمدات و درآمدات کے بارے میں اطلاعات مہیا کر کے شفافیت قائم کرنے کے اس اقدام میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔

ازومی ناکامٹسو نے ان تمام رکن ممالک سے درخواست کی کہ جو ابھی تک اسلحے کی تجارت کے معاہدے میں شامل نہیں کہ وہ بھی اس میں شمولیت اختیار کریں۔

خواتین کی شرکت

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے  تمام رکن ممالک سے کہا کہ وہ خواتین، مردوں، لڑکوں اور لڑکیوں پر اسلحے اور گولہ بارود کی غیرقانونی تجارت کے مختلف نتائج پر غور کری اور ایسا کرتے ہوئے فیصلہ سازی اور روایتی ہتھیاروں پر کنٹرول سے متعلق طریقہ ہائے کار پر عملدرامد میں خواتین کی مکمل، مساوی، بامعنی اور موثر شرکت کو یقینی بنائیں۔

ازومی ناکامٹسو کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام،، انسانی تکالیف میں کمی لانے اور شفافیت و تعاون کو  اسی طرح فروغ دیا جا سکتا ہے۔