انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ضروری کارکنوں کے حالات کار میں بہتری کی ضرورت: آئی ایل او

ملاوی میں ایک ہیلتھ ورکر مریض کا درجہ حرارت چیک کر رہا ہے۔ عالمی ادارہ محنت کی رپورٹ میں نرسنگ اور ایسے دوسرے ضروری خدمات سرانجام دینے والے شعبوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔
© UNICEF
ملاوی میں ایک ہیلتھ ورکر مریض کا درجہ حرارت چیک کر رہا ہے۔ عالمی ادارہ محنت کی رپورٹ میں نرسنگ اور ایسے دوسرے ضروری خدمات سرانجام دینے والے شعبوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔

ضروری کارکنوں کے حالات کار میں بہتری کی ضرورت: آئی ایل او

معاشی ترقی

اقوام متحدہ کے ماہرین محنت نے کہا ہے کہ رکن ممالک کو آئندہ بحرانوں سے بچنا ہے تو کووڈ کے دوران دنیا میں لاک ڈاؤن کے وقت خاندانوں، معاشروں اور معیشتوں کو چلائے رکھنے والے اہم کارکنوں کو فوری طور پر اچھی اجرتیں اور بہتر حالات کار مہیا کرنا ہوں گے۔

عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) میں انتظام، حقوق اور مکالمے کے شعبے کی نائب ڈائریکٹر جنرل مینوئلا ٹومئی کا کہنا ہے کہ ''بہت سے ممالک میں اہم شعبوں کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے کیونکہ لوگ ایسے کام کرنے سے ہچکچاتے ہیں جس کی معاشرے میں مناسب، خاطرخواہ اور جائز طور سے قدر نہ کی جائے اور جس میں کام کے عوض اچھی اجرت اور بہتر حالات کار میسر نہ آئیں۔''

Tweet URL

90 ممالک سے حاصل کردہ معلومات کی روشنی میں جاری کردہ آئی ایل او کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق اہم ذمہ داریاں انجام دینے والے کارکن بری طرح 'ناقدری' کا شکار ہیں اور بحرانوں سے نمٹنے میں ان کے کردار کا خاطرخواہ اعتراف نہیں کیا جاتا۔

کم اجرت اور عدم تحفظ

اس جائزے میں صحت، خوردہ فروشی، خوراک کے نظام، تحفظ، نکاسی آب اور نقل و حمل جیسے شعبوں سے تعلق رکھنے ولے اہم کارکنوں کے حالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ آئی ایل او کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کووڈ۔19 بحران کے دوران اہم نوعیت کے شعبوں میں ذمہ داریاں انجام دینے والے کارکنوں میں شرح اموات دیگر کارکنوں کے مقابلے میں زیادہ تھی کیونکہ وہ ایسے حالات میں کام کر رہے تھے جن میں انہیں وائرس لاحق ہونے کا خدشہ زیادہ تھا۔

کم تنخواہ والے کارکنوں میں بھی ان کی تعداد زیادہ ہے جن کا شمار ایسے لوگوں میں ہوتا ہے جو کسی جگہ اوسط اجرت کے دو تہائی سے کم کماتے ہیں۔

مستقبل پر سرمایہ کاری

آئی ایل او کے شعبہ تحقیق کے ڈائریکٹر رچرڈ سیمنز نے بدھ کو جینیوا میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اہم کارکنوں کے لیے اچھی اجرت اور بہتر حالات کار پر سرمایہ کاری کرنا انصاف کا معاملہ ہے اور اس سے کسی آئندہ عالمگیر ہنگامی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ''یہ ایک اقدام سے دو فوائد حاصل کرنے کا موقع ہے جس سے حالات کار بہتر بنانے، اس درجے کے کارکنوں کو سماجی انصاف کے حصول کی راہ میں درپیش مشکلات میں کمی لانے کے علاوہ معیشتوں کو مزید مستحکم کرنے اور ان کی ہر نوعیت کے دھچکوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی خواہ یہ مستقبل کی وبا ہو، قدرتی آفت ہو یا کچھ اور۔''

اس رپورٹ میں پیش کی جانے والی اہم سفارشات میں خاص اہمیت کے حامل معاملات جیسا کہ اجرتوں اور کام کی جگہ پر تحفظ کے حوالے سے ضابطوں کو مضبوط بنانا اور صحت و غذا کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور چھوٹے کاروباروں کی مدد کرنا بھی شامل ہیں۔

گھروں میں کام کرنے والی خواتین بہتر حالات کار اور اپنی بطور ضروری کارکن شناخت کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
UN Women/Joe Saad
گھروں میں کام کرنے والی خواتین بہتر حالات کار اور اپنی بطور ضروری کارکن شناخت کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔

افرادی قوت میں کمی کا خدشہ

آئی ایل او کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اہم اور غیراہم ذمہ داریاں انجام دینے والے کارکنوں کی آمدنی میں اوسطاً 26 فیصد فرق ہے۔ اہم نوعیت کی نوکریوں میں بھی کارکنوں کو طویل اور نامعلوم دورانیے تک کام کرنا پڑتا ہے، ان کے لیے تربیت کے مواقع محدود ہوتے ہیں اور انہیں بیماری کی صورت میں تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں کی فراہمی سمیت دیگر طرح کا مناسب سماجی تحفظ بھی حاصل نہیں ہوتا۔

دنیا بھر میں اہم نوعیت کا کام کرنے والے ایک تہائی کارکنوں کو عارضی بنیاد پر بھرتی کیا جاتا ہے جس کے ان کی نوکری کے تحفظ اور مراعات پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔

آئی ایل او نے واضح کیا کہ جب اہم نوعیت کا کام کرنے والے کارکنوں کے ناقص حالات کار کی بدولت ملازمین کے نوکری کرنے اور چھوڑںے کے واقعات میں اضافہ اور افرادی قوت میں کمی ہو جائے تو بنیادی خدمات کی فراہمی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ یہ بات اعلیٰ اور کم آمدنی والے ممالک دونوں پر صادق آتی ہے۔

کووڈ کا سبق

''اچھے یا برے وقت میں'' اچھے کام کی ضمانت دینے اور کاروباری تسلسل کو مضبوط بنانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت کے ہوتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے نے حکومتوں، آجروں اور کارکنوں کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ اہم اشیا اور خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔ انشورنس پالیسی کی طرح یہ حکمت عملی کسی آئندہ بحران کے موقع پر کام آئے گی۔