انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عظیم فٹبالر پیلے کی وفات پر یونیسکو کو گہرا افسوس

پیلے سال 2021 میں فیفا اور یونیسف کے اتحاد برائے اطفال کے آغاز کے موقع پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے یں۔
© UNICEF/Susan Markisz
پیلے سال 2021 میں فیفا اور یونیسف کے اتحاد برائے اطفال کے آغاز کے موقع پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے یں۔

عظیم فٹبالر پیلے کی وفات پر یونیسکو کو گہرا افسوس

ثقافت اور تعلیم

برازیل سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے مقبول کھلاڑی پیلے 82 سال کی عمر میں ساؤ پاؤلو کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ ایک سال سے بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھے۔ بہت سےلوگ انہیں فٹ بال کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی مانتے ہیں۔

دنیا بھر میں کھیلوں کی اہمیت کو فروغ دینے والے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم و ثقافت (یونیسکو) نے اپنے ٹویٹ میں پیلے کے انتقال پر ''گہرے دکھ'' کا اظہار کرتے ہوئے برازیل کے لوگوں اور وہاں ''فٹ بال سے وابستہ افراد'' کے ساتھ تعزیت کی ہے۔

Tweet URL

’صدی کا بہترین کھلاڑی‘

پیلے نے 1958 میں 17 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ فٹ بال ورلڈ کپ جیتا اور اس کے بعد 1962 اور 1970 میں بھی یہ اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اپنے پیشہ وارانہ کیریئر میں 1,363 مقابلوں میں حصۃ لیا اور دنیا میں کسی بھی کھلاڑی سے زیادہ 1,281 گول کیے۔ انہوں نے پیشہ وارانہ کھیل کا آغاز محض 15 برس کی عمر میں کیا تھا۔

پیلے 1940 میں پیدا ہوئے جبکہ ان کا اصل نام ایڈسن ایرنٹس ڈو نیسکیمینٹو تھا۔انہیں ''دی بلیک پرل'' اور ''دی کنگ'' کے نام سے بھی پکارا جاتا تھا۔ وہ 1977 میں کھیل سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

1999 میں سانتوز کلب اور برازیل کے اس سب سے زیادہ قابل احترام کھلاڑی کو سال میں سب سے اچھے کھیل پر 'بیلن ڈو اور' اعزاز جیتنے والے سابق کھلاڑیوں نے ایک جائزے میں صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے لیے خدمات

انہوں ںے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنا بہت سا وقت اقوام متحدہ اور اس کے کام کے لیے وقف کیا اور اس دوران اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کے خیرسگالی سفیر اور 1994 سے یونیسکو کے 'چیمپیئن فار سپورٹ' کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔

انہیں 1992 میں ریو ڈی جنیرو میں ہونے والی 'یو این ارتھ سمِٹ' کا خیرسگالی سفیر بھی مقرر کیا گیا جو کہ تمام انسانوں کے مزید مستحکم مستقبل کے لیے ایک پہلی عالمگیر پیش رفت اور ماحولیاتی کانفرنس تھی۔

آپ یہاں اقوام متحدہ کے سمعی و بصری ریکارڈ سے اس ارتھ کانفرنس سے پہلے منعقد ہونے والی پیلے کی پریس کانفرنس سن سکتے ہیں۔

اس وقت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل مورس سٹرانگ نے انہیں ناصرف دنیا کا عظیم ترین فٹ بال کھلاڑی بلکہ برازیل سے تعلق رکھنے والا ''عالمگیر آدمی'' بھی قرار دیا تھا۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ''لوگوں اور کرہ ارض سے ان کی وابستگی انہیں ہماری زمین کے ایک حقیقی شہری کے طور پر ممتاز کرتی ہے۔''

یونیسکو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے ''کھیل کو امن کے ذریعے کے طور پر فروغ دینے کے لے انتھک کام کیا۔ ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔''

یو این ایچ سی آر کی تعزیت

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین 'یو این ایچ سی آر' کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ''ہم سب برازیل کے لوگوں کے ساتھ ہیں جو ایک ایسے شخص کو الوداع کر رہے ہیں جس نے تمام براعظموں میں اور کئی نسلوں کے لاکھوں بچوں کو خواب دیکھنا سکھایا۔''