انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پیلے کے نقش قدم پر وینیشیئس جونیئر یونیسکو کے خیر سگالی سفیر مقرر

وینیشیئس کو خیرسگالی سفیر مقرر کرنے کا اعلان یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آدرے آزولے نے سپین کے فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ کے تربیتی مرکز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔
© UNESCO/Juan Barbosa
وینیشیئس کو خیرسگالی سفیر مقرر کرنے کا اعلان یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آدرے آزولے نے سپین کے فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ کے تربیتی مرکز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

پیلے کے نقش قدم پر وینیشیئس جونیئر یونیسکو کے خیر سگالی سفیر مقرر

ثقافت اور تعلیم

برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم کے نمایاں کھلاڑی وینیشیئس جونیئر کو اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (یونیسکو) کا نیا خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

یونیسکو کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب برازیل کے کسی فٹ بال کھلاڑی کو یہ عہدہ سونپا گیا ہے۔ اس سے قبل معروف و مقبول کھلاڑی پیلے بھی ادارے کے خیرسگالی سفیر رہ چکے ہیں۔

Tweet URL

وینیشیئس کو خیرسگالی سفیر مقرر کرنے کا اعلان یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آدرے آزولے نے سپین کے فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ کے تربیتی مرکز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

اس موقع پر انہوں نے 23 سالہ فٹ بالر کو ان کی تعیناتی کی دستاویز پیش کی اور ناصرف فٹ بال کے میدان میں ان کی کامیابیوں بلکہ برازیل میں تعلیم کے مساوی مواقع کے فروغ کے لیے ان کے غیرمتزلزل عزم کی بھی تحسین کی۔

اس موقع پر وینیشیئس کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں انہیں ناصرف ایک عظیم کھلاڑی کی حیثیت سے جانا جائے بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے والے شہری کے طور پر بھی ان کی پہچان ہو۔ 

پوری نسل کے لیے مثال

وینیشیئس نے خیرسگالی سفیر مقرر ہونے کو اپنی کامیابی اور زندگی بھر کا فریضہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مساوی تعلیمی مواقع کے لیے ان کا عزم 19 سال کی عمر میں شروع ہوا اور وہ اپنے ادارے کی جانب سے دنیا بھر میں فروغِ تعلیم کا عزم رکھتے ہیں۔ 

انہوں نے 2021 میں برازیل کے غریب بچوں اور نوعمر افراد کو تعلیم دلانے کے لیے 'انسٹیٹیوٹو ونی جونیئر' کے نام سے ادارہ قائم کیا تھا۔ اس میں کھیلوں کی اقدار کے ذریعے متنوع پس منظر کے طلبہ کو حصول تعلیم کی جانب راغب کیا جاتا ہے۔ 

آدرے آزولے کا کہنا تھا کہ وینیشیئس جونیئر ایک پوری نسل کے لیے مثالی نمونہ ہیں اور انہیں اپنا خیرسگالی سفیر مقرر کرنا یونیسکو کے لیے اعزاز ہے۔ 

نسل پرستی کے خلاف جدوجہد

سماجی انصاف کے لیے وینیشیئس جونیئر کا عزم تفریق و تعصب کے خلاف ان کی جدوجہد سے عیاں ہے جس کا مشاہدہ انہیں اور دوسرے کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں اور اس سے باہر پیش آنے والے نسل پرستانہ واقعات سے بھی ہوتا ہے۔ 

فیفا کے ساتھ اور برازیل میں نسل پرستی کے خلاف مہم 'یہ بہانہ مت کریں کہ آپ نے اسے دیکھا نہیں' میں اپنے کردار کی بدولت انہیں 2023 میں فٹ بال کی سب سے بڑی سالانہ تقریبِ اعزاز 'بیلون ڈو' کے موقع پر 'سقراط ایوارڈ' سے بھی نوازا گیا۔ 

خیرسگالی سفیر کی حیثیت سے وینیشیئس جونیئر فروغ تعلیم کے لیے بین الاقوامی کانفرنسوں سے خطاب، رکن ممالک کے دورے اور عام لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

پچیس کروڑ بچے تعلیم سے محروم

یونیسکو کے مطابق دنیا بھر میں 25 کروڑ بچے اور نوعمر افراد تعلیم سے محروم ہیں۔ 2021 کے بعد اس میں 60 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ 70 فیصد بچے ایسے ہیں جو 10 سال کی عمر تک نہ تو پڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی بنیادی نوعیت کی تحریر کو سمجھ سکتے ہیں۔ اس سے سماجی عدم مساوات پر قابو پانے کی ہنگامی ضرورت واضح ہوتی ہے جس کے باعث طلبہ کے سکول چھوڑنے کی شرح اور سیکھنے کی صلاحیت میں کمی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔