انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سمندر میں بے یارومدگار لوگوں کی مدد پر انڈونیشیا کی تعریف

یہ لوگ ایک مہینے سے علاقائی پانیوں میں بھٹکتے رہنے کے بعد کمزوری سے نڈھال اور پانی کی کمی کا شکار تھے (فائل فوٹو)۔
© UNICEF/Patrick Brown
یہ لوگ ایک مہینے سے علاقائی پانیوں میں بھٹکتے رہنے کے بعد کمزوری سے نڈھال اور پانی کی کمی کا شکار تھے (فائل فوٹو)۔

سمندر میں بے یارومدگار لوگوں کی مدد پر انڈونیشیا کی تعریف

مہاجرین اور پناہ گزین

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین 'یو این ایچ سی آر' نے سمندر میں بھٹکتے 200 سے زیادہ بے آسرا لوگوں کو گزشتہ چند روز کے دوران شمال مغربی انڈونیشیا کے ساحل پر بحفاظت اتارے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں بہت سے لوگ مدد پہنچنے سے پہلے کم از کم ایک ماہ سے سمندر میں بھٹک رہے تھے۔

Tweet URL

انڈونیشیا کے مچھیروں اور مقامی حکام نے دو گروہوں کی صورت میں ان لوگوں کی جان بچائی۔ ان میں 58 افراد کو اتوار کو ساحل پر لایا گیا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 174 افراد کے گروہ کو بچانے کی کارروائی سوموار کو انجام دی گئی۔

انڈونیشیا میں 'یو این ایچ سی آر' کی نمائندہ این مے مان نے کہا ہے کہ ''ہم انڈونیشیا میں مقامی لوگوں اور حکام کی جانب سے انسانیت کے اس مظاہرے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔''

انہوں نے کہا کہ ''ان اقدامات سے انسانی جانوں کو یقینی موت سے بچانے میں مدد ملی ہے اور بہت سے بے آسرا لوگوں کی اذیت ناک ابتلا کا خاتمہ ہوا ہے۔''

بچائے جانے والے یہ لوگ ایک مہینے سے علاقائی پانیوں میں بھٹکتے رہنے کے بعد کمزوری سے نڈھال اور پانی کی کمی کا شکار تھے۔ گزشتہ روز بچائے جانے والے 174 افراد میں سے بعض نے یو این ایچ سی آر کو بتایا کہ کشتی پر اس طویل سفر کے دوران مشکل حالات کی تاب نہ لاتے ہوئے 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فوری نگہداشت کی ضرورت

یو این ایچ سی آر مقامی حکام اور امدادی شراکت دار عملے کے ساتھ مل کر ساحل پر لائے جانے والوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ ان میں بہت سے لوگوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری طبی نگہداشت درکار ہے۔ ادارہ بچائے جانے والے ان لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی لوگوں اور حکام کے لیے مزید سازوسامان اور عملہ بھی بھیج رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس سال 2000 سے زیادہ بے آسرا لوگوں نے بحیرہ انڈیمان اور خلیج بنگال کے پُرخطر سفر اختیار کیے جن میں تقریباً 200 کی موت واقع ہو گئی۔ یو این ایچ سی آر کو ایسی غیرمصدقہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ 180 کو لے جانے والی ایک اور کشتی تاحال لاپتہ ہے اور خدشہ ہے کہ اس پر سوار تمام مسافر ہلاک ہو چکے ہیں۔

زندگیاں بچائیں

انڈونیشیا نے گزشتہ چھ ہفتوں میں چار کشتیوں پر سوار ایسے 472 لوگوں کو بچانے میں مدد دی جس سے مظالم اور جنگ کا سامنا کرنے والے لوگوں کی خاطر بنیادی انسانی اصولوں سے اس کی وابستگی اور ان کے احترام کا اظہار ہوتا ہے۔ یو این ایچ سی آر دیگر ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ بھی اس مثال کی پیروی کریں۔ بہت سی درخواستوں کے باوجود کئی دیگر ممالک نے اس معاملے میں کوئی مدد نہیں دی۔

خطے کے ممالک کو چاہیے کہ وہ کشتیوں پر سوار پریشان حال لوگوں کی جان بچا کر اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ مزید مصائب اور اموات کو روکا جا سکے۔