انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کیا 'ماحول دوست سیاح' بننا ممکن ہے؟ سیر و سیاحت پر مثبت اثر ڈالنے کے 12 طریقے

ماحول دوست سیاحت قدرت کو متاثر کیے بغیر عالمی غربت کو ختم کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
UNDP Bhutan
ماحول دوست سیاحت قدرت کو متاثر کیے بغیر عالمی غربت کو ختم کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔

کیا 'ماحول دوست سیاح' بننا ممکن ہے؟ سیر و سیاحت پر مثبت اثر ڈالنے کے 12 طریقے

موسم اور ماحول

وباء کے دوران دنیا بھر میں سیاحت کم ہو گئی تھی جو اب دوبارہ زور پکڑ رہی ہے۔ یہ بہت سے کارکنوں اور کاروباروں کے لیے تو اچھی اطلاع ہے لیکن یہ ہماری زمین کے لیے بری خبر بھی ہو سکتی ہے۔ زیر نظر سطور میں چند ایسے چنیدہ طریقے بیان کیے گئے ہیں جن کے ذریعے سیاح یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ جب وہ چھٹیاں منانے کہیں جائیں تو ان کی سرگرمیوں سے ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔

سیاحت کے بہت سے مثبت پہلو ہیں۔ ہر سال تقریباً دو ارب لوگ سیاحتی مقاصد سے سفر کرتے ہیں۔ سفر اور سیاحت لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے اور مشترکہ تجربات، ثقافتی آگاہی اور سماجی تعمیر کے ذریعے دنیا کو قریب لاتے ہیں۔ سیاحت سے لوگوں کو نوکریاں مہیا ہوتی ہیں، علاقائی ترقی میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ سماجی معاشی ترقی کا ایک اہم محرک ہے۔

تاہم اس کا ایک منفی پہلو بھی ہے اور وہ یہ کہ سیاحتی اعتبار سے متعدد مقبول مقامات کو بڑھتی ہوئی آلودگی، ماحولیاتی ضرر، تاریخی مقامات کو ہونے والے نقصان اور وسائل کے حد سے زیادہ استعمال سے خطرہ لاحق ہے۔ یہ تمام خطرات ان جگہوں پر آنے جانے سے پیدا ہونے والی آلودگی کے علاوہ ہیں۔

لہٰذا انہی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زیرنظر چند مشورے آپ کو اپنے سفر سے لطف اندوز ہونے میں مدد دیں گے اور ان کی بدولت آپ کو اپنے پسندیدہ سیاحتی مقام سے واپسی پر یہ اطمینان ہو گا کہ آپ کی موجودگی سے اس جگہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

1۔ ایک مرتبہ استعمال ہونے والے پلاسٹک کو ترک کر دیں

عام طور پر 15 منٹ سے بھی کم وقت کے لیے استعمال ہونے والی پلاسٹک کی اشیا ماحول میں تحلیل ہونے کے لیے 1000 سال سے بھی زیادہ وقت لیتی ہیں۔ ہم میں بہت سے لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں ایسی چیزوں کے ماحول دوست متبادل کی جانب منتقل ہو رہے ہیں اور ہم دوران سفر بھی یہی طرزعمل اختیار کر سکتے ہیں۔ آپ کہیں بھی جاتے وقت دوبارہ قابل استعمال بوتلوں اور تھیلوں سے کام لے کر یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ آپ سمندر کے کنارے اور جن دیگر جگہوں پر قیام کریں وہاں پلاسٹک کا زیادہ کوڑا جمع نہ ہو۔

2۔ 'پانی کا دانشمندانہ استعمال'

مجموعی طور پر سیاح کسی جگہ رہنے والے دیگر لوگوں کی نسبت پانی کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ دنیا میں ایسی جگہوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جہاں پانی کمیاب ہے اور ایسے میں آپ کے اقدامات لوگوں کے لیے مستقبل میں پانی کی حسب ضرورت دستیابی یقینی بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ ہوٹل میں قیام کے دوران روزانہ بستر کی چادریں اور تولیے تبدیل کرنے سے ہم ہر سال لاکھوں لٹر پانی بچا سکتے ہیں۔

3۔ مقامی اشیا خریدیں

جب آپ مقامی چیزیں خریدتے ہیں تو اس سے مقامی معیشت کو فروغ ملتا ہے، مقامی لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے اور اس کاربن کے اخراج میں کمی آتی ہے جو اشیا کی نقل و حمل کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے۔ یہ اصول کھانے پر بھی صادق آتا ہے اس لیے آپ کو جب بھی موقع ملے تو تازہ اور مقامی طور پر اگائی گئی چیزوں سے لطف اندوز ہوں۔

4۔ ماحولیاتی حساسیت کے حامل آپریٹر کا انتخاب کریں

سیاحتی دوروں کا اہتمام کرنے میں لوگ، اشیا و خدمات کی فراہمی کا نظام، دکاندار، نقل و حمل کے ذرائع سمیت بہت کچھ شامل ہوتا ہے۔ اس سلسلے کی ہر کڑی ماحول پر مثبت یا منفی طور سے اثرانداز ہو سکتی ہے۔ اگر آپ اپنے دورے کی منصوبہ بندی کی ذمہ داری کسی اور کے حوالے کرنا چاہتے ہیں تو اس مقصد کے لیے ایسے آپریٹر کو منتخب کریں جو ماحول کو ترجیح دیتا ہو، وسائل کو موثر انداز میں استعمال کرتا ہو اور مقامی ماحول کا احترام کرتا ہو۔

سیاحت سے وسیع النظری پیدا ہوتی ہے۔
UNDP Tanzania
سیاحت سے وسیع النظری پیدا ہوتی ہے۔

5۔ 'براہ مہربانی جانوروں کو مت کِھلائیں'

جنگلی حیات کو خوراک ڈالنے یا اس مقصد کے لیے ان کے قریب آنے سے انہیں ٹھںڈ، فلو، نمونیہ یا انسانی سے جانوروں کو لگ جانے والی بیماریاں لاحق ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ جب جانور انسانوں سے خوراک لینےکے عادی ہو جاتے ہیں تو ان کے فطری رویوں میں تبدیلی آ جاتی ہے اور وہ اپنی بقا کے لیے انسانوں پر انحصار کرنے لگتے ہیں۔ بعض اوقات اس سے انسانوں اور جانوروں میں تصادم بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

6۔ جانوروں کا شکار بھی مت کریں

خطرے سے دوچار یا بدیسی جانوروں کا گوشت کھانے کی طلب پیدا ہونے سے ان کے غیرقانونی شکار، خریدوفروخت اور استحصال کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جانوروں کا گوشت کھانے کے نتیجے میں ناصرف آپ ایک جانور کا خاتمہ کرتے ہیں بلکہ غیرذمہ دارانہ طعام ایسے جانوروں کی نسل کے خاتمے کا خدشہ مزید بڑھا دیتا ہے جو موسمیاتی تبدیلی یا مساکن کے خاتمے کے نتیجے میں پہلے ہی معدومی کے خطرے سے دوچار ہیں۔ دوران سیاحت ایسی یادگاری چیزیں مت خریدیں جو خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے جسم سے بنائی گئی ہوں۔

7۔ مشترکہ سواری کا انتخاب کریں

نقل و حمل کا سیاحتی سرگرمیوں کے دوران کاربن کے اخراج میں ایک بڑا کردار ہے۔ سیاحت کے موقع پر نجی ٹیکسیوں کے بجائے ٹرینوں، بسوں اور مشترکہ ٹیکسیوں جیسے عوامی ذرائع نقل وحمل سے کام لیں۔ آپ سائیکل سواری بھی کر سکتے ہیں جو کسی نئی جگہ کو کھوجنے اور اس کے بارے میں جاننے کا آسان اور سستا طریقہ ہے۔

8۔ مقامی لوگوں کے ساتھ رہیں

دوران سیاحت کسی مقامی رہائشی یا گھرانے کے ساتھ قیام کرنا فطرت کے موافق انتخاب ہے جس سے آپ کو مقامی ثقافت اور رسوم و رواج کو قریب سے دیکھنے اور ان کا ذاتی تجربہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ مقامی گھرانوں کے ساتھ رہنے سے ان لوگوں کو آمدنی حاصل ہوتی ہے اور انہیں معاشی ترقی کا موقع میسر آتا ہے جبکہ اس طرح آپ مختلف طرز ہائے زندگی کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔

مقامی کھانے کھائیں۔ اس سے آپ نہ صرف مقامی معیشت کو ترقی دینگے بلکہ آپ کو نت نئے ذائقے چکھنے کا موقع بھی ملے گا۔
UNDP Bosnia and Herzegovina/Adnan Bubalo
مقامی کھانے کھائیں۔ اس سے آپ نہ صرف مقامی معیشت کو ترقی دینگے بلکہ آپ کو نت نئے ذائقے چکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

9۔ سفر سے پہلے تیاری کریں

سفر کے آغاز سے پہلے اپنی منزل کے بارے میں جانیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو مقامی روایات اور طرزعمل کے مطابق خود کو ڈھالنے اور ایسی چیزوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا جو بصورت دیگر نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔ درست معلومات کے ہوتے ہوئے آپ کسی سیاحتی مقام کو مزید بہتر انداز میں جان سکتے ہیں اور نئی مہم جوئی اور دریافتیں کر سکتے ہیں۔

10۔ نیشنل پارکس اور جانداروں کے محفوظ مساکن کا دورہ

نیشنل پارکس کے ذریعے فطرت اور جنگلی حیات کا کھوج لگانا جانوروں اور ان کے ماحولی نظام کے بارے میں براہ راست آگاہی حاصل کرنے کا طریقہ ہے۔ بعض اوقات آپ ایسی جگہوں پر داخلے کے لیے جو فیس ادا کرتے ہیں اس سے جانوروں اور پودوں کی انواع اور قدرتی مناظر کے تحفظ اور قدرتی مقامات کو مستقبل میں آںے والے سیاحوں کے لیے محفوظ رکھنے کی کوششوں میں مدد ملتی ہے۔

11۔ اپنا نشان مت چھوڑیں

آپ سیاحتی مقام پر کوئی نشانی نہ چھوڑ کر اپنا نشان ثبت کر سکتے ہیں۔ کوڑے کرکٹ کو مناسب جگہ پر تلف کریں اور بلااجازت کسی چیز کو نہ تو اپنی جگہ سے ہٹائیں اور نہ ہی اس میں کوئی تبدیلی کریں۔ یقینی بنائیں کہ سیاحتی مقام سے واپس جاتے ہوئے زمین پر ہی آپ کے قدموں کے نشان ہوں اور اپنی آمد کی ایسی کوئی نشانی پیچھے مت چھوڑیں جس سے ماحول پر منفی اثر پڑ سکتا ہو۔

12۔ دوستوں کو بتائیں

اب جب آپ ماحول دوست انداز میں سفر کے لیے تیار ہیں تو یہ وقت ہے کہ آپ دوسروں کو اس اندازِ سیاحت کے بارے میں بتائیں۔ اپنے ساتھی سیاحوں، دوستوں اور اہلخانہ کو بتائیں کہ ماحول دوست سیاحت کیسے مقامی لوگوں کے ذرائع آمدنی اور خوشحالی میں اضافہ کر کے انہیں فائدہ پہنچاتی ہے اور ہم سب کو اپنے خوبصورت ماحول کی حفاظت کرنے میں مدد دیتی ہے۔