انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کا ادارہ نوآزاد مشرقی علاقے میں ''اجتماعی قبروں'' کی تحقیقات کرے گا

مشرقی یوکرین کا شہر اِزیوم
Unsplash/Oleksandr Brovko
مشرقی یوکرین کا شہر اِزیوم

یوکرین: اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کا ادارہ نوآزاد مشرقی علاقے میں ''اجتماعی قبروں'' کی تحقیقات کرے گا

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے معائنہ کار یوکرین کے شہر ازیوم میں اجتماعی قبروں کی دریافت سے متعلق اطلاعات کی تحقیقات کریں گے۔

یہ اطلاعات یوکرین کی جانب سے جاری جوابی حملے میں مشرقی علاقوں کو واگزار کرائے جانے کے بعد سامنے آئی ہیں۔ یہ علاقے اس سے پہلے روس کی فوج یا روس کی حمایت یافتہ فورسز کے قبضے میں تھے۔

ان اطلاعات میں یوکرین کے ایک پولیس افسر کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق خیال ہے کہ اس علاقے میں ایک جگہ 400 سے زیادہ لاشیں پائی گئی ہیں۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق 'او ایچ سی ایچ آر' نے جمعے کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے تفتیش کار پہلے ہی یوکرین میں موجود ہیں جو یہ دیکھیں گے کہ ان قبروں میں جن لوگوں کو دفن کیا گیا وہ فوجی اہلکار ہیں یا عام شہری، اور آیا ان کی موت جنگ میں ہوئی یا اس کا سبب فطری عوامل تھے۔ 

ماریوپول کی بازگشت

'او ایچ سی ایچ آر' کی ترجمان لِز تھروسیل نے کہا کہ ''جیسا کہ آپ کو یاد ہو گا، میریوپول کے محاصرے کے دوران ہونے والی جنگ میں ایسا بہت کچھ دیکھنے کو ملا تھا۔''

ان کا کہنا تھا کہ ''وہاں بھی اجتماعی قبریں ملنے کی ایسی ہی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اس معاملے میں یہ دیکھنا تھا کہ آیا ان لوگوں کو ہلاک کیا گیا یا ان کی موت طبی تھی کیونکہ انہیں علاج میسر نہیں تھا اور واقعتاً انہیں اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا تھا۔''

24 فروری کو یوکرین پر روس کا حملہ شروع ہونے کے بعد وہاں شہریوں کے خلاف مظالم کے ارتکاب کے بہت سے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔

مئی میں یوکرین میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے معائنہ مشن نے یوکرین کے لوگوں سے شہادتیں جمع کیں جنہوں نے بتایا کہ عمارتوں کی چھتوں پر بیٹھے نشانہ باز ''شہریوں کو بلاامتیاز گولی مار دیتے ہیں'' تاکہ ان کے گھروں سے نکلنے کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

ان تفتیش کاروں نے بوچا اور کیئو کے شمال میں روس کی فوج کے زیرقبضہ دیگر مضافاتی قصبوں میں 300 سے زیادہ مردوں، عورتوں اور بچوں کی غیرقانونی ہلاکتوں کی تفصیل جمع کی۔

مئی میں اقوام متحدہ کے معائنہ مشن کی سربراہ میٹلڈا بوگنر نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں یو این نیوز کو بتایا کہ یوکرین کے بہت سے شہری بدستور اپنے لاپتہ رشتہ داروں اور دوستوں کو تلاش کر رہے ہیں جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔ میٹلڈا نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ان میں سے بعض لوگوں کو بیلارس اور وہاں سے روس لے جایا گیا ہے۔