انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: معذور افراد کے ساتھ برتاؤ پر اقوام متحدہ کی کمیٹی کو 'گہری تشویش'

جنگ چھڑنے سے پہلے یوکرین میں ستائیس لاکھ لوگ معذور افراد رہ رہے تھے
UNDP, Yulia Samus
جنگ چھڑنے سے پہلے یوکرین میں ستائیس لاکھ لوگ معذور افراد رہ رہے تھے

یوکرین: معذور افراد کے ساتھ برتاؤ پر اقوام متحدہ کی کمیٹی کو 'گہری تشویش'

معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی کمیٹی (سی آر پی ڈی) نے جمعے کو خبردار کیا کہ یوکرین میں روس کے زیرقبضہ علاقوں میں پھنسے معذور افراد کو روس کی مسلح افواج ''انسانی ڈھال'' کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

یوکرین میں معذور افراد کی صورتحال پر ایک خصوصی رپورٹ میں کمیٹی کے نائب چیئرمین جوناس رَسکس کا کہنا ہے کہ انہیں 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد ملک میں معذور افراد کی صورتحال کے بارے میں ''شدید خدشات'' لاحق ہیں۔

رَسکس نے جنیوا میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یوکرین میں معذور افراد کو ''غیرانسانی حالات'' میں رکھا گیا ہے اور جنگ زدہ علاقوں میں رہائشی جگہوں سے ان کے انخلاء کو فوقیت نہیں دی گئی۔

سی آر پی ڈی کے نائب چیئرمین نے ملک میں معذوروں سے متعلق متعدد اداروں کی مہیا کردہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ کمیٹی کو معلوم ہوا ہے کہ روس کے زیرقبضہ علاقے میں ایک رہائشی جگہ پر موجود 12 معذور افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جان لیوا حالات

انہوں نے یوکرین اور روس دونوں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کو جنگ زدہ علاقے سے فوری نکالیں اور انخلاء کے عمل کی غیرجانبدار فریقین کی جانب سے نگرانی کو یقینی بنائیں۔

رَسکس نے صحافیوں کو بتایا کہ ''یوکرین میں بعض معذور لوگ بدستور جان لیوا حالات میں پھنسے ہوئے ہیں اور یہ یقینی بنانے کے لیے ان کا انخلاء ضروری ہے کہ انہیں خوراک اور سردیوں کی آمد کے موقع پر حرارت جیسی بنیادی ضروریات تک رسائی مل سکے۔''

گھر سے دور رہنے پر مجبور معذور یوکرینی بچے پریشان ہیں
UNICEF
گھر سے دور رہنے پر مجبور معذور یوکرینی بچے پریشان ہیں

کمیونٹی کی بنیاد پر خدمات

انہوں نے تمام متعلقہ فریقین کو ان کی یہ ذمہ داری یاد دلائی کہ انہیں یہ یقینی بنانا ہے کہ معذور افراد بشمول یوکرین میں موجودہ حالات کا سامنا کرنے والوں کو کمیونٹی کی سطح پر خدمات اور امداد تک دوسروں کے برابر رسائی حاصل ہو۔

رَسکس نے معذور افراد کو فوری طور پر ادارہ جاتی نگہداشت سے نکالنے اور  انہیں کمیونٹی کی بنیاد پر خدمات کی فراہمی کے لیے وسائل خرچ کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی تعاون سے حاصل ہونے والے مالی وسائل استعمال کرتے وقت معذور لوگوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کیا جائے۔

خطرے کی گھنٹی

جنگ شروع ہونے سے پہلے یوکرین میں معذور لوگوں کی تعداد 2.7 ملین تھی۔

اگست میں اقوام متحدہ کے متعین کردہ انسانی حقوق کے چار غیرجانبدار ماہرین نے خبردار کیا کہ یوکرین پر روس کے حملے سے معذور افراد خصوصاً وہاں معذوروں کے اداروں میں موجود بچے ''غیرمتناسب طور سے متاثر ہوں گے۔''

اقوام متحدہ کے ماہرین نے امید ظاہر کی کہ معذور افراد کو کمیونٹی کی سطح پر مدد دینے کے لیے وسائل خرچ کیے جائیں گے جس کی بدولت معذور بچوں کو معذوروں کے لیے مخصوص اداروں سے برعکس اپنے خاندانوں اور خاندان جیسے حالات میں پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ''ہمیں پوری امید ہے کہ یوکرین معذور افراد خصوصاً معذور بچوں کو بہتر مستقبل دینے کا عہد کرے گا۔''

سی آر پی ڈی کے جائزے کے نتائج جمعے کو دوسرے ممالک کے جائزوں کے ساتھ جاری کیے گئے۔

یہ رپورٹ معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن پر عملدرآمد کے بارے میں کمیٹی کے بنیادی خدشات اور اس کی سفارشات پر مشتمل ہے۔