روس: امریکی صحافیوں کی سزائیں آزادی صحافت پر سنگین حملہ، ماہرین
انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے امریکہ سے تعلق رکھنے والے دو صحافیوں کو روس میں دی جانے والی قید کی سزاؤں کی مذمت کرتے ہوئے اسے تمام صحافیوں کے لیے خوفناک انتباہ قرار دیا ہے۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایوان گیرشکووچ کو روس کی عدالت نے جاسوسی کے الزام میں 16 برس جبکہ ریڈیو فری یورپ/ ریڈیو لبرٹی کی صحافی السو کورماشیوا کو روس کی فوج کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے کے الزام میں ساڑھے چھ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
روس میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار ماریانا کاتزارووا اور رائے و اظہار کی آزادی پر خصوصی اطلاع کار آئرین خان نے روس کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ان صحافیوں کو فوری رہا کریں اور ان کےخلاف الزامات کو واپس لیں۔
جھوٹے الزام، خفیہ مقدمے، بعجلت سزا
ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں صحافیوں کو ایسے الزامات میں سزائیں سنائی گئی ہیں جو انہوں نے کیے ہی نہیں۔ ان کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے بارے میں اطلاعات دے رہے تھے۔ انہیں تین اور دو روز میں خفیہ طور سے اور بعجلت سزا سنانا اس امر کا عکاس ہے کہ دونوں صحافیوں کے خلاف مقدمات بے بنیاد ہیں۔
ایوان گیرشکووچ نے اپنے خلاف عائد کردہ الزامات سے انکار کیا ہے۔ انہیں 29 مارچ 2023 کو حراست میں لیا گیا تھا اور وہ مقدمے سے پہلے 478 روز روسی دارالحکومت ماسکو کی جیل میں گزار چکے ہیں۔ روس کے حکام ان کے خلاف جاسوسی کے الزام سے متعلق کوئی ثبوت سامنے نہیں لائے۔
دونوں ماہرین کا کہنا ہے کہ تین روز تک بند کمرے میں سماعت کے بعد جاری ہونے والے فیصلے سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے خلاف الزام سیاسی ہے اور انہیں یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے بارے میں اطلاعات دینے پر یہ سزا سنائی گئی۔ سرد جنگ کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جب سرکاری طور پر تسلیم شدہ صحافی اور امریکہ کے شہری کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا ہے جو کئی سال سے روس میں کام کر رہے تھے۔
سزا پانے والی دوسری صحافی السو کورماشیوا امریکہ اور روس کی دہری شہریت رکھتی ہیں جنہیں 18 اکتوبر 2023 کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ روس کے شہر کازان میں اپنی معمر والدہ سے ملنے گئی تھیں۔ ان پر 'غیرملکی آلہ کاروں' سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے۔ دسمبر 2023 میں حکام نے ان الزامات میں روس کی فوج کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کے الزام کا اضافہ کر دیا۔
سلامتی کے قوانین کا ناجائز استعمال
ماہرین نے روس میں قوم سلامتی سے متعلق قوانین کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے اظہار کی آزادی ناجائز طور پر محدود ہوئی ہے اور کسی بھی آزاد صحافی کو جنگ کے بارے میں اطلاعات دینے پر مجرم ٹھہرانا آسان ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ روس میں اس وقت مجموعی طور پر 33 صحافی قید کاٹ رہے ہیں جو کہ یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد روس میں آزاد صحافت اور حکومت مخالف آوازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں شدت آنے کا خطرناک رحجان ہے۔
انہوں نے ایوان گیرشکووچ اور السو کورماشیوا سمیت روس میں قید تمام صحافیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس کی حکومت آزادی اظہار کو ناجائز طور پر محدود کرنے والے قوانین کو واپس لے اور ایسے فوجداری قوانین میں ترمیم کرے جو اسے قومی سلامتی کے تحفظ کی آڑ میں اظہار کی آزادی بالخصوص صحافیوں کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی طاقت دیتے ہیں۔
ماہرین و خصوصی اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔