انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انسانی حقوق و وقار کے لیے نفرت انگیزی پر قابو پانا ہوگا، گوتیرش

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک میں ہولوکاسٹ کے متاثرین کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Manuel Elías
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک میں ہولوکاسٹ کے متاثرین کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔

انسانی حقوق و وقار کے لیے نفرت انگیزی پر قابو پانا ہوگا، گوتیرش

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ دنیا میں نفرت تشویشناک رفتار سے پھیل رہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے سب کو متحد ہو کر تمام انسانوں کے حقوق اور وقار کے لیے آواز بلند کرنا ہو گی۔

ہولو کاسٹ کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ تاریخ کے ان ہولناک واقعات کی بازگشت آج بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ ہولوکاسٹ کا باعث بننے والی یہود نفرت نہ تو نازیوں سے شروع ہوئی تھی اور نہ ہی ان کی شکست کے ساتھ ختم ہو گئی۔ یہ نفرت آج بھی کسی نہ کسی صورت میں برقرار ہے اور آن لائن ذرائع اس کے پھیلاؤ میں مزید تیزی اور وسعت لے آئے ہیں۔

Tweet URL

تعصب سب کے لیے خطرہ

انہوں نے کہا ہے کہ آج کے دن دنیا ان 60 لاکھ یہودی بچوں، خواتین اور مردوں کی دکھ بھری یاد مناتی ہے جنہیں نازیوں اور ان کے مددگاروں نے منظم انداز میں قتل کیا۔ یہ روما اور سنٹی لوگوں، معذور افراد اور دیگر کو یاد کرنے کا دن ہے جنہیں ہولوکاسٹ میں مظالم کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا۔

انتونیو گوتیرش کا کہنا ہے کہ "اس روز ہم ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان واقعات میں زندہ بچ رہنے والوں، ان کے اہلخانہ اور ان کی آل اولاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اُس دور میں جو کچھ ہوا اس کی سچائی کو نہ تو خود بھولیں گے اور نہ ہی دوسروں کو بھلانے دیں گے۔"

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ دوسروں کو بُرا قرار دینا اور تنوع سے نفرت کرنا سبھی کے لیے خطرناک ہے۔ کوئی معاشرہ عدم رواداری سے پاک نہیں ہے اور ایک گروہ کے خلاف تعصب سبھی کے ساتھ تعصب برتنے کے مترادف ہے۔

تفریق و عدم رواداری مسترد کریں

انہوں نے برطانیہ کے سابق چیف ربائی جوناتھن سیکس کا قول دہرایا کہ "یہودیوں سے شروع ہونے والی نفرت یہودیوں پر ہی ختم نہیں ہو جاتی۔" جب کبھی اور جہاں کہیں یہود نفرت کا سامنا ہو تو سبھی کو اس کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔ بعینہ، ہر طرح کی نسل پرستی، تعصب، مذہبی بنیاد پر نفرت بشمول مسلم مخالفت اور اقلیتی مسیحی برادریوں کے خلاف تشدد کی بھی مذمت ہونی چاہیے۔

سیکرٹری جنرل نے دنیا بھر کے لوگوں سے کہا ہے کہ نہ تو تفریق کے سامنے خاموش رہیں اور نہ ہی عدم رواداری کو برداشت کریں۔ ایک دوسرے کی انسانیت کو مدنظر رکھیں اور نفرت و تقسیم کی قوتوں کے خلاف مزاحمت کا عہد کریں۔ تعصب اور مظالم کا سامنا کرنے والے لوگ اکیلے نہیں ہیں بلکہ اقوام متحدہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔