انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین پر روسی حملوں میں بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک

یوکرین کے کئی علاقے حالیہ دنوں میں بمباری کا نشانہ بنے ہیں۔
© UNOCHA/Oleksii Holenkov
یوکرین کے کئی علاقے حالیہ دنوں میں بمباری کا نشانہ بنے ہیں۔

یوکرین پر روسی حملوں میں بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک

امن اور سلامتی

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ یوکرین کے علاقے ڈونیسک، نیپرو اور کیرسون میں روس کے حملوں میں بچوں سمیت درجنوں شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ان حملوں سے سکولوں، گھروں اور اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ یوکرین میں جاری روس کے حملے کو تقریباً دو سال ہو چکے ہیں جہاں آئے روز شہری ہلاک و زخمی ہو رہے ہیں۔

Tweet URL

'اوچا' کے مطابق اس برس یوکرین میں 1.6 ملین لوگوں یا ملک کی 40 فیصد آبادی کو انسانی امداد کی ضرورت ہو گی۔

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ایچ سی آر' نے بتایا ہے کہ اس جنگ کے نتیجے میں یوکرین کے 63 لاکھ شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ 

جنگ کے علاوہ اس وقت یوکرین کے لوگوں کو شدید سردی کا بھی سامنا ہے۔ 'اوچا' کے ترجمان جینز لائرکے نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ 2024 میں یوکرین کو امداد کی فراہمی اور علاقائی سطح پر پناہ گزینوں کو مدد دینے کا منصوبہ 15 جنوری کو جنیوا میں ایک خصوصی اجلاس کے موقع پر شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر 'اوچا' اور 'یو این ایچ سی آر' کی جانب سے منصوبے کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

یوکرین اور ہمسایہ ممالک میں اہم ضروریات کی تکمیل کے لیے رکن ممالک، نجی شعبے اور شراکت داروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر اور متواتر مدد کی ضرورت ہو گی۔