انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: نئے سال کا آغاز میزائل حملوں، ہلاکتوں اور تباہی کے ساتھ

بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع شہر اوڈیسا میزائل حملوں کا نشانہ ہے۔
© UNOCHA/Alina Basiuk
بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع شہر اوڈیسا میزائل حملوں کا نشانہ ہے۔

یوکرین: نئے سال کا آغاز میزائل حملوں، ہلاکتوں اور تباہی کے ساتھ

امن اور سلامتی

یوکرین میں 2024 کے ابتدائی دو ایام میں روس کے شدید حملوں سے بڑے پیمانے پر اموات اور تباہی ہوئی ہے۔ حملوں میں بہت سے گھر تباہ ہو گئے ہیں اور شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی رابطہ کار ڈنیز براؤن نے کئی شہروں میں ہونے والے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ یوکرین میں لوگوں کے نئے سال کا آغاز نقصان، تکلیف اور صدمے سے ہوا ہے۔ متواتر تیسرے روز روس کے حملوں سے بچوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

Tweet URL

انہوں نے منفی 20 ڈگری درجہ حرارت میں لوگوں کو درپیش حالات کو خاص طور پر تشویش ناک قرار دیا جبکہ دارالحکومت کیئو کے متعدد علاقے بجلی اور پانی سے محروم ہیں۔ 

یوکرین کے لیے امداد

ڈنیز براؤن نے یوکرین کے لوگوں کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونیسک میں انسانی صورتحال زیادہ مخدوش ہے جہاں لڑائی کے باعث بجلی کی ترسیل منقطع ہو چکی ہے۔ نتیجتاً علاقے میں پہلے سے خراب حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔

انہوں نے ہلاک اور لاپتہ ہونے والوں کے اہلخانہ اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے حملے سے تباہی کا سامنا کرنے والوں کو مدد دینے کی ضرورت ہے۔ 

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ دارالحکومت میں بہت سے بچے شہر کے میٹرو سٹیشنوں پر رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ 

انسانی قانون کی پامالی

ڈنیز براؤن نے روس کو دوبارہ یاد دہانی کرائی کہ شہریوں کے خلاف اندھا دھند حملے اور شہری تنصیبات کی تباہی بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت سختی سے ممنوع ہے۔

2023 میں روس کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل کے آخری اجلاس میں سیاسی امور کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیدار نے روس کے شہر بیلگوروڈ میں کیے گئے حملوں کی مذمت کی تھی۔ یہ شہر یوکرین کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ 

اقوام متحدہ کے شعبہ قیام امن و سیاسی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل خالد خیری نے بتایا کہ اس حملے میں 18 شہری ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے۔