انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روس کے انسانی حقوق معاملات پر اطلاع کار کے مینڈیٹ میں توسیع

انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔
UN Photo/Jean-Marc Ferré
انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔

روس کے انسانی حقوق معاملات پر اطلاع کار کے مینڈیٹ میں توسیع

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے روس میں حقوق کی نگرانی کرنے والی غیرجانبدار ماہر کی ذمہ داریوں میں مزید ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے ملکی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے ریاستی فرائض کو پورا کریں۔

روس میں انسانی حقوق کا جائزہ لینے کے لیے اطلاع کار کو تحقیقاتی کردار دینے پر پہلی مرتبہ گزشتہ برس ہی اتفاق کیا گیا تھا جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا۔

Tweet URL

حالیہ فیصلہ روس کی جانب سے کونسل میں دوبارہ شمولیت کی کوشش کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ناکامی سے دوچار ہونےکے بعد آیا ہے۔ 

اس فیصلے پر پہنچنے کے لیے کونسل میں ایک قرارداد پر رائے شماری کرائی گئی جس میں 18 ارکان نے اطلاع کاروں کے کام میں توسیع کے حق میں ووٹ دیا جبکہ سات ممالک (بولیویا، چین، کیوبا، اریٹریا، قازقستان، کرغیزستان اور ویت نام) نے اس کی مخالفت کی۔ 22 ارکان رائے شماری میں شامل نہیں ہوئے۔ 

انسانی حقوق کونسل نے روس سے سوچ، رائے، اظہار اور پُرامن اجتماع سمیت ہر طرح کی بنیادی آزادیوں کو برقرار رکھنے کے لیے بھی کہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ روس میں متنوع سوچ، تنقید اور اختلاف رائے اور فرد کی آزادی و سلامتی، منصفانہ قانونی کارروائی اور تشدد سے محفوظ رہنے کے حقوق پر قدغن نہیں ہونی چاہیے۔

روس سے تعاون کا مطالبہ 

قرارداد کے ذریعے انسانی حقوق کونسل نے روس سے کہا ہے کہ وہ حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے تمام طریقہ ہائے کار میں مکمل اور بلاتخصیص شمولیت اختیار کرے، اس حوالے سے تعمیری بات چیت میں شامل ہو اور خصوصی اطلاع کاروں کو ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مکمل تعاون مہیا کرے۔ 

کونسل نے روس کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ تعاون کرنے لوگوں اور تنظیموں کو دھمکانے اور ان کے خلاف ہر طرح کی انتقامی کارروائی سے باز رہیں۔

علاوہ ازیں، کونسل نے روس سے اطلاع کار کو ملک کے بلاروک و ٹوک دورے کی اجازت دینے کو بھی کہا ہے تاکہ وہ متعلقہ فریقین سے آزادانہ طور پر مل سکیں جن میں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے محافظین اور زیرحراست لوگ بھی شامل ہیں۔ 

خصوصی اطلاع کار کی ذمہ داری 

انسانی حقوق کونسل نے روس میں حقوق کی صورتحال پر خصوصی اطلاع کار کو یہ ذمہ داری پہلی مرتبہ اکتوبر 2022 میں سونپی تھی جن کا کام ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال کی نگرانی کرنا، اس کا جائزہ لینا اور اس بارے میں اطلاع دینا ہے۔ 

کونسل نے بلغاریہ کی ماریانا کازارووا کو خصوصی اطلاع کار مقرر کیا ہے جو کسی ملک یا اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کی جانب سے نہیں بلکہ انفرادی طور یہ ذمہ داری انجام دیتی ہیں۔ کازارووا اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہیں اور بلامعاوضہ کام کرتی ہیں۔

گزشتہ مہینے انہوں نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ برس فروری میں یوکرین پر حملے کے بعد روس بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال میں نمایاں طور سے بگاڑ آیا ہے اور سول سوسائٹی کے خلاف منظم انداز میں کارروائی ہو رہی ہے۔