انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افغانستان اور ہمسایہ ممالک میں میتھ کی سمگلنگ میں اضافہ

جنوب مغربی ایشیا میتھم فیٹامین کی دوسرے علاقوں کو منتقلی کا بڑا مرکز ہے۔
Gary Todd
جنوب مغربی ایشیا میتھم فیٹامین کی دوسرے علاقوں کو منتقلی کا بڑا مرکز ہے۔

افغانستان اور ہمسایہ ممالک میں میتھ کی سمگلنگ میں اضافہ

جرائم کی روک تھام اور قانون

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2021 کے درمیان پکڑی جانے والی منشیات کی مقدار میں تقریباً 12 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

ادارے کے مطابق پکڑے جانے والی منشیات ان پانچ برس میں 2.5 ٹن سے بڑھ کر 29.7 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

'یو این او ڈی سی' کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک میں ہیروئن کی سمگلنگ بھی جاری ہے، اگرچہ اگست 2021 میں طالبان کے برسراقتدار آنے اور اپریل 2022 میں منشیات پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد اس میں قدرے کمی آئی ہے۔

Tweet URL

تاہم اس پابندی کے بعد میتھم فیٹامین (میتھ) کی سمگلنگ میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے منشیات کی تیاری میں تیزی سے آنے والی وسعت اور منشیات کی غیرقانونی منڈیوں کی ممکنہ تشکیل نو کی نشاندہی ہوتی ہے، جن پر طویل عرصہ سے افغانستان میں پیدا ہونے والی افیون کی اجارہ داری رہی ہے۔ 

مصنوعی اجزاء سے تیارکردہ منشیات

'یو این او ڈی سی' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر غادہ والی نے کہا ہے کہ افغانستان اور خطے میں میتھم فیٹامین کی سمگلنگ میں اضافے سے منشیات کی غیرقانونی منڈی میں آنے والی نمایاں تبدیلی کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ صورتحال فوری توجہ کا تقاضا کرتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اندر اور اس کے قریبی علاقوں میں میتھم فیٹامین کی غیرقانونی تیاری میں آنے والی متواتر وسعت کو روکنے کی غرض سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیائی مادوں کے غیرقانونی استعمال اور سمگلنگ کے خلاف علاقائی ارتباط ضروری ہے۔

'یو این او ڈی سی' کی اس نئی رپورٹ کا مقصد عالمی برادری کو ایسی اہم معلومات مہیا کرنا ہے جن سے مصنوعی اجزا سے تیار کی جانے والی منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پایا جا سکے۔

افغانی منشیات کا عالمی پھیلاؤ

مبینہ طور پر افغان خطے کی پکڑی جانے والی میتھم فیٹامین یورپی یونین، قریب و مشرق وسطیٰ، جنوب مشرقی ایشیا اور مغربی افریقہ جیسے دور دراز علاقوں میں بھی پائی گئی ہے۔ 

مختلف خطے اور ممالک ہیروئن اور میتھم فیٹامین کی مختلف درجوں کی سمگلنگ کا شکار ہیں۔ مجموعی طور پر جنوب مغربی ایشیا میتھم فیٹامین کی دوسرے علاقوں کو منتقلی کا بڑا مرکز ہے جہاں سے یہ بڑے پیمانے پر فروخت کی منڈیوں میں پہنچائی جاتی ہے۔

جنوب مشرق یورپ کو مغربی و وسطی یورپ کی بڑی منڈیوں میں ہیروئن پہنچانے کے ایک اہم مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔ 

یو این او ڈی سی افغانستان میں افیون کی کاشت سے متعلق اپنا سالانہ جائزہ اکتوبر 2023 میں شائع کرے گا۔