انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اسرائیلی کارروائی کے بعد جنین فلسطینی کیمپ کو ہنگامی امداد کی ضرورت

انرا کے اہلکار فلسطینی مہاجرین کے جنین کیمپ پر اسرائیلی فوج کارروائی کے دوران ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔
© UNRWA
انرا کے اہلکار فلسطینی مہاجرین کے جنین کیمپ پر اسرائیلی فوج کارروائی کے دوران ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

اسرائیلی کارروائی کے بعد جنین فلسطینی کیمپ کو ہنگامی امداد کی ضرورت

انسانی امداد

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے انرا (یو این آر ڈبلیو اے) کو 2 اور 4 جولائی کے درمیان مقبوضہ مغربی کنارے میں جینن مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے بعد مختلف شعبوں میں ہنگامی امدادی اقدامات کے لیے 23.8 ملین ڈالر درکار ہیں۔

اسرائیل کی مسلح افواج کی دو روزہ کارروائی میں چار بچوں سمیت 12 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے تھے۔ 

عسکری کارروائی کے دوران کم از کم 3,500 فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا اور کیمپ میں تقریباً 1,000 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان میں 41 مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور 70 سے زیادہ کو شدید نقصان ہوا۔

وسیع تباہی

کیمپ میں شہری تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور نو کلومیٹر کے علاقے میں پانی اور نکاسی آب کے نظام اور تقریباً چار کلومیٹر طویل سڑکیں تباہ ہو گئیں۔ کیمپ میں انرا کی متعدد تنصیبات کو بھی نقصان ہوا۔ جینن کیمپ میں ادارے کا قائم کردہ طبی مرکز ہی صحت کی واحد سہولت تھی جو بری طرح تباہ ہونے کے بعد غیرفعال ہے۔ 

مغربی کنارے میں 'یو این آر ڈبلیو اے' کے امور کے ڈائریکٹر ایڈم بولوکوس نے کہا ہے کہ جینن کیمپ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے بنیادی خدمات کی بحالی اور انہیں اپنی زندگیاں اور روزگار دوبارہ شروع کرنے میں مدد دینے کے لیے ادارے کو ایک مرتبہ پھر تعاون کی ضرورت ہے۔ 

امداد کی فوری ضرورت

انہوں ںے کہا کہ ادارے کو امدادی وعدے موصول ہو رہے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے نہایت فیاضانہ مدد بھی شامل ہے لیکن تعلیم اور بنیادی طبی سہولیات جیسی بنیادی خدمات کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کو نقد ہنگامی امداد مہیا کرنے اور انہیں پناہ کےحصول میں مدد دینے کے لیے مزید مالی وسائل درکار ہیں۔

فلسطینی پناہ گزینوں اور بحرانی حالات میں سب سے پہلے مدد مہیا کرنے والوں کی نفسیاتی سماجی مدد کے ذریعے ذہنی صحت کی ضروریات سے نمٹنا بھی ضروری ہے۔