انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سعودی عرب: حج پر حکومت اور ڈبلیو ایچ او کے صحت پر مشترکہ اقدامات

دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچے ہوئے ہیں۔
© WHO/Fadela Chaib
دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب: حج پر حکومت اور ڈبلیو ایچ او کے صحت پر مشترکہ اقدامات

صحت

حکومت سعودی عرب اور عالمی اداہ صحت اس سال بھی حج کے اجتماع کے موقع پر بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور علاج معالجے میں مدد فراہم کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچے ہوئے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مشرقی بحیرہ روم کے علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کووڈ۔19 وباء کے دوران لگائی گئی پابندیوں کے خاتمے کے بعد یہ پہلا حج ہے اور اس لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

ڈاکٹر المندھاری نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت صحت اور حج کے انتظامات سے متعلق تمام ادارے حفظان صحت کے معیار برقرار رکھنے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ڈبلیو ایچ او اور سعودی حکام اس امر کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائے ہوئے ہیں کہ حج کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی بیماری پر نظر رکھی جائے اور  اس کے پھیلاؤ سے بچنے کے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، خوراک کی حفاظت، ویکسینیشن کی دستیابی اور صحت عامہ سے متعلق معلومات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر المندھاری نے کہا کہ یہ اقدامات گزشتہ برسوں میں حجاج کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانے میں کارگر ثابت ہوئے تھے اور کسی بیماری کے پھیلنے یا صحت عامہ کے دیگر مسائل کی اطلاعات نہیں ملی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "اگرچہ ہمیں اطمینان ہے کہ کووڈ۔19 اب  صحت عامہ کا عالمی تشویش کا ہنگامی مسئلہ نہیں رہا، لیکن ہمیں پھر بھی چوکس رہنے کی ضرورت ہے اور صحت عامہ کے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد جاری رکھنا چاہیے۔"