انسانی کہانیاں عالمی تناظر

فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد میں سعودی عرب اقوام متحدہ کا اہم شراکت دار

مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں فلسطینی پناہ گزین بچے۔
2022 UNRWA
مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں فلسطینی پناہ گزین بچے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد میں سعودی عرب اقوام متحدہ کا اہم شراکت دار

مہاجرین اور پناہ گزین

سعودی حکام اور 'فلسطینی مہاجرین کی امداد اور ان کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے' (یو این آر ڈبلیو اے) کے مابین گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ہونے والی بات چیت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار مہیا کرنے کا موضوع نمایاں رہا۔

2020 کے بعد 'یو این آر ڈبلیو اے' کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے اس سال 28 اور 29 جنوری کو سعودی عرب کا پہلا دورہ کیا ہے جس کی دعوت انہیں سعودی وزارت خارجہ امور کی جانب سے دی گئی تھی۔

Tweet URL

اس موقع پر سعودی عرب کے نائب وزیر برائے خارجہ امور ولید الخریجی اور 'شاہ سلمان امداد و اعانت مرکز' کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کے ساتھ ان کی بات چیت کے ایجنڈے میں فلسطینی مہاجرین کے ساتھ سعودی عرب کی طویل یکجہتی سرفہرست رہی۔

حالیہ تناؤ پر تشویش

بعدازاں 'شاہ فیصل مرکز برائے تحقیق و مطالعہ اسلامیات' کے چیئرمین فضیلت مآب شہزادہ ترکی الفیصل کے ساتھ ان کی ملاقات میں مقبوضہ مغربی کنارے بشمول مشرقی یروشلم میں نازک حالات اور گزشتہ ہفتے تناؤ کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہء خیال ہوا۔

جمعے کو یروشلم میں ایک یہودی عبادت گاہ کے باہر دہشت گرد حملے میں کم از کم سات اسرائیلی ہلاک اور تین زخمی ہو ہوئے جبکہ اس سے ایک روز قبل مغربی کنارے کے ایک مہاجر کیمپ میں مشتبہ شدت پسندوں کے خلاف اسرائیلی حملے میں نو فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔

لازارینی نے کہا کہ ''مغربی کنارے میں پیش آنے والے تشویشناک واقعات اس امر کی واضح یاد دہانی ہیں کہ خطے کا استحکام ہر وقت خطرے کی زد میں ہے۔

''یو این آر ڈبلیو اے سعودی عرب کے ساتھ تزویراتی شراکت دار کی حیثیت سے مل کر کام کرنےکا متمنی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مہاجرین خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں میں تعلیم، طبی سہولیات اور ادارے کی پیش کردہ دیگر خدمات کے ذریعے مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔''

ضروری خدمات میں تعاون

کمشنر جنرل نے ایک مرتبہ پھر تسلیم کیا کہ کیسے گزشتہ سال کے آخر میں 27 ملین ڈالر کی انتہائی ضروری سعودی امداد ادارے کے بنیادی پروگراموں کو براہ راست فراہم کی گئی اور اس سے فلسطینی مہاجرین کے لیے ضروری خدمات کی فراہمی برقرار رکھنے میں مدد ملی۔

ان کے دو روزہ دورے میں بات چیت کے تمام ادوار میں اقوام متحدہ کے ادارے کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار مہیا کرنے کی غرض سے سعودی اداروں کے ساتھ تعاون کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

فلپ لازارینی نے خاص طور پر نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے نیز علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے جیسے شعبوں میں 'یو این آر ڈبلیو اے' کے سعودی عرب کے ساتھ تزویراتی شراکت دار کی حیثیت سے کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں ںے کہا کہ ''تعلیم اور دور جدید کے ہنر ایسے بہترین ذرائع ہیں جن کے ذریعے عالمی برادری نوجوان فلسطینی مہاجرین کو مدد دے سکتی ہے۔ ہم انہیں اپنا مستقبل بنانے میں تعاون فراہم کرتے ہوئے گویا یہ پیغام بھی دے رہے ہوں گے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔''