ایمی پوپ آئی او ایم کی نئی ڈائریکٹر جنرل منتخب

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے رکن ممالک نے ایمی ای پوپ کو جنیوا میں منعقدہ آئی او ایم کونسل کے چھٹے خصوصی اجلاس میں ادارے کی نئی ڈائریکٹر جنرل منتخب کر لیا ہے۔
عالمی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم) کا قیام 1951 میں عمل میں آیا تھا، یہ مہاجرت سے متعلق امور پر سب سے بڑا بین الحکومتی ادارہ ہے جو اس اصول پر کاربند ہے کہ انسانی دوست اور منظم انداز میں ہونےو الی مہاجرت سے مہاجرین اور معاشرے کو فائدہ پہنچتا ہے۔
آئی او ایم اقوام متحدہ سے منسلک ادارے کی حیثیت سے اس کے نظام کا حصہ ہے۔
نومنتخب ڈائریکٹر جنرل ایمی ای پوپ کو امریکہ نے نامزد کیا تھا۔ انہوں ںے ستمبر 2021 میں آئی او ایم میں انتظامی و اصلاحاتی امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے کام شروع کیا تھا۔ موجودہ ڈائریکٹر جنرل انتونیو ویٹورینو بھی انتخابات میں امیدوار تھے۔
ایمی ای پوپ آئی او ایم کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون ہیں جو یکم اکتوبر 2023 سے پانچ سالہ مدت کے لئے ڈائریکٹر جنرل کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے آئی او ایم کے امدادی کام کو بہتر بنانے اور خدشات سے نمٹنے، ادارے میں داخلی انصاف اور عملی کارروائیوں کے نتائج کو بہتر کرنے اور اقوام متحدہ کے نظام کے اندر ارتباط کو مضبوط بنانےکے لئے بہت سے مالیاتی، انتظامی اور عملی اقدامات پر عملدرآمد کرایا۔