انسانی کہانیاں عالمی تناظر

زلزلہ زدہ ترکیہ میں لاکھوں متاثرہ بچوں کے لیے فنڈز کی ضرورت

ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بیس لاکھ سے زیادہ بچوں کو مدد کی ضرورت ہے۔
© UNOCHA/Ahmad Abdulnafi
ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بیس لاکھ سے زیادہ بچوں کو مدد کی ضرورت ہے۔

زلزلہ زدہ ترکیہ میں لاکھوں متاثرہ بچوں کے لیے فنڈز کی ضرورت

انسانی امداد

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے خبردار کیا ہے کہ ترکیہ اور شمالی شام میں آنے والے تباہ کن زلزلوں سے دو ماہ بعد ترکیہ میں پچیس لاکھ بچوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے اور انہیں غربت کا شکار ہونے، بچہ مزدوری یا کم عمری کی شادیوں کا خطرہ ہے۔

ترکیہ میں یونیسف کی نمائندہ ریگینا ڈی ڈومینیکس نے کہا ہے کہ اگرچہ اس آفت کے بعد فوری امدادی اقدامات کیے گئے ہیں تاہم ''لاکھوں بچوں کا مستقبل بدستور غیریقینی ہے۔''

Tweet URL

صحت و تحفظ کی فوری ضروریات

یونیسف نے 390,000 سے زیادہ لوگوں کی اہم ترین ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انہیں صحت و صفائی کا سامان، گرم کپڑے، بجلی کے ہیٹر اور کمبل فراہم کیے ہیں۔

ادارے نے ہزاروں لوگوں کو پانی بھی مہیا کیا ہے اور پانی کی ترسیل کے تباہ شدہ نظام کو مرمت کرنے میں مدد دی ہے۔

صحت کے محاذ پر یونیسف نے ترکیہ کے حکام کو پولیو، خناق اور تشنج سمیت دیگر ویکسین فراہم کی ہیں اور طبی آلات اور متعلقہ سازوسامان بھی پہنچایا ہے۔

ہنگامی امدادی اقدامات کے سلسلے میں ادارہ اس آفت میں ایک دوسرے سے بچھڑ جانے والے لوگوں کو آپس میں ملانےکے لیے بھی اپنے امدادی شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اس نے 149,000 بچوں اور ان کی نگہداشت کرنے والوں کو نفسیاتی مدد پہنچائی ہے۔

تعلیم خطرے میں

یونیسف کے مطابق، زلزلے نے ترکیہ میں سکولوں کے تقریباً چار ملین بچوں کو متاثر کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 1.5 ملین بچوں نے اپنی تعلیم دوبارہ شروع کر دی ہے اور مزید 250,000 ملک کے دیگر حصوں میں منتقل ہونے کے بعد سلسلہ تعلیم دوبارہ جوڑںے کے قابل ہو گئے ہیں جبکہ بہت سے بچے ایسے ہیں جنہیں تعلیم میں پیچھے رہ جانے کا خدشہ ہے۔

تعلیم کا تسلسل یقینی بنانے کے لیے یونیسف 1,170 سے زیادہ سکولوں کی تعمیرومرمت کے لیے مالی مدد فراہم کر رہا ہے جس سے 300,000 سے زیادہ بچوں کو فائدہ ہو گا۔ ادارہ وزارت تعلیم کو تیار شدہ عمارتی ڈھانچوں اور خیموں میں عارضی سکولوں کے قیام میں بھی مدد دے رہا ہے۔

ادارہ ایسے طلبہ کو تعلیمی نقصان مختصر وقت میں پورا کرنے اور بچوں، بالغوں اور خاندانوں کی مدد کے لیے 10 صوبوں میں مخصوص 37 مراکز میں سکول کا تعلیمی کام کرنے میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

زندگی کی بحالی

یونیسف ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ بچوں کی مدد جاری رکھنے کے لیے مزید 138 ملین ڈالر کی اپیل کر رہا ہے اور عالمی برادری سے کہہ رہا ہے کہ وہ متاثرین کی ضروریات کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل یقینی بنائے۔

یونیسف نے زور دیا ہے کہ ہنگامی امداد کے علاوہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی طویل مدتی مدد کرنے کی بھی فوری ضرورت ہے تاکہ لوگ ''بحال ہو سکیں اور اپنی زندگیاں دوبارہ تعمیر کر سکیں۔''