انسانی کہانیاں عالمی تناظر

رمضان: برکتوں کے مہینے کے آغاز پر سیکرٹری جنرل کا پیغام ہکجہتی

انتونیو گوتیرشن نے ماہ رمضان کو انسانیت کے ناطے اکٹھے ہونے کا وقت قرار دیا ہے۔
United Nations
انتونیو گوتیرشن نے ماہ رمضان کو انسانیت کے ناطے اکٹھے ہونے کا وقت قرار دیا ہے۔

رمضان: برکتوں کے مہینے کے آغاز پر سیکرٹری جنرل کا پیغام ہکجہتی

انسانی امداد

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے رمضان سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان دنوں دنیا بھر کے مسلمان یہ مقدس مہینہ منا رہے ہیں جو ''مشترکہ انسانیت کے ناطے سے اکٹھا ہونے'' کا وقت ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ''مفاہمت اور ہمدردی'' کے جذبے کو متوازی قرار دیا جو رمضان کا خاصہ اور ''مکالمے، اتحاد اور امن کو فروغ دینے'' کے لیے اقوام متحدہ کا مشن ہے۔

Tweet URL

انہوں نے کہا کہ ''اس مشکل وقت میں میری ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو جنگ، بے گھری اور تکالیف کا سامنا کر رہے ہیں۔ میں رمضان منانے والوں کے ساتھ مل کر امن، باہمی احترام اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہوں۔''

اسلامی خدمتِ خلق

رمضان ''عطا و بخشش کا مہینہ'' بھی کہلاتا ہے اور یہ بے گھروں کی ایمانی جذبے کے تحت مدد کرنے کا ایک اعلیٰ موقع ہے۔ اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں سے متعلق ادارے (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ اسلامی خدمت خلق کا دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی مدد میں اہم کردار ہے۔

'یو این ایچ سی آر' کی ایک نئی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2017 میں اس کے پناہ گزینوں کے لیے بنیادی زکواۃ فنڈ کے آغاز سے اب تک اس ذریعے سے 26 ممالک میں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے 60 لاکھ لوگوں کی مدد کی گئی ہے۔

'نئے امداد دہندگان'

متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے اعلیٰ سطحی مشیر اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے لیے 'یو این ایچ سی آر' کے نمائندے خالد خلیفہ نے جینیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''اقوام متحدہ کے ادارے کی حیثیت سے ہم اس شعبے میں نئے ہیں۔''

ان کا کہنا تھا کہ ''ہم ایسی جگہوں پر امداد دینے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم پیش کرنا چاہتے تھے جہاں مسلمان تنظیمیں مالیاتی رکاوٹوں کے باعث آسانی سے کام نہیں کر سکتیں، کیونکہ ہمیں افغانستان اور صومالیہ جیسی جگہوں پر، نیز روہنگیا لوگوں کی خاطر امدادی کاموں کے لیے اقوام متحدہ کی مدد درکار ہوتی ہے۔ اسلامی امداد ہمیشہ سے موجود ہے لیکن ہم اس شعبے میں نئے ہیں۔''

خیرات کا مرکزی کردار

اسلامی خدمت خلق سے متعلق 'یو این ایچ سی آر' کی سالانہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2022 میں اس فنڈ کے ذریعے تقریباً 38 ملین ڈالر اکٹھے کیے گئے۔

خالد خلیفہ نے واضح کیا کہ اسلام میں خیرات کے مرکزی کردار کی بدولت کیسے اس اقدام کو کامیابی ملی، انہوں نے اس حوالے سے ''زکواۃ'' یا غریبوں کی لازمی امداد پر روشنی ڈالی جہاں مسلمانوں کو اپنی غیراستعمال شدہ بچت کا 2.5 فیصد ہر سال خیراتی مقاصد کے لیے وقف کرنا ہوتا ہے اور یہ اسلام کے پانچ بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔

کمزور ترین لوگوں کی معاونت

خالد خلیفہ نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ اس فنڈ کے مالی وسائل صرف مسلمان ممالک میں رہنے والے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے ہی وقف نہیں ہیں تاہم 'یو این ایچ سی آر' کے جائزے کے مطابق دنیا بھر میں جبری نقل مکانی کرنے والے 50 فیصد لوگ مسلمان ممالک میں مقیم ہیں۔

ادارے نے بتایا ہے کہ 2017 سے اب تک اس فنڈ کے ذریعے سب سے زیادہ امداد بنگلہ دیش میں روہنگیا بحران، یمن میں اندرون ملک بے گھری اور لبنان میں شامی پناہ گزینوں کے بحران کے متاثرین کو دی گئی ہے۔ یہ معاونت نقد امداد اور اشیا کی براہ راست فراہمی کی صورت میں کی گئی۔